♥6

قم المقدسہ میں پاک و ہند کے اساتذۂ درسِ خارج کی اہم نشست

  • News cod : 64497
  • 29 اکتبر 2026 - 19:37
قم المقدسہ میں پاک و ہند کے اساتذۂ درسِ خارج کی اہم نشست
وفاق المدارس شعبہ قم کے زیرِ اہتمام ’’مجمع اساتید درسِ خارج شبہِ قارّہ‘‘ کے قیام کا اعلان، علمی و فقہی مسائل پر ماہانہ نشستوں کے انعقاد کا فیصلہ

قم المقدسہ: حوزہ علمیہ قم میں علماء و فضلاء پاک و ہند کے علمی روابط کو مضبوط بنانے، باہمی تبادلۂ خیال کو فروغ دینے اور برصغیر کے دینی، فقہی اور اعتقادی مسائل کے حل کے لیے مدرسہ الامام المنتظرؑ قم المقدسہ میں وفاق المدارس شعبہ قم کے زیرِ اہتمام اساتذۂ درسِ خارج کی ایک اہم علمی نشست منعقد ہوئی۔

نشست میں حوزہ علمیہ قم میں درسِ خارج تدریس کرنے والے علماء و اساتذہ، جن میں آیت اللہ اساتذہ محترم بالترتیب:
آغا محمد باقر مقدسی، آغا سید محمد باقر رضوی کشمیری، آغا محمد عباس صادقی، آغا شعبان علی ہادی ، اغا شجاع حسین حسینی اور مدیر شعبہ وفاق المدارس قم استاد حوزہ آغا علی اصغر سیفی صاحب نے شرکت کی۔

نشست کے آغاز میں آغا علی اصغر سیفی صاحب نے تمام اساتذۂ درسِ خارج کا خیرمقدم کیا اور اس علمی اجتماع کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

علامہ سیفی نے کہا کہ اس وقت حوزہ علمیہ قم میں پاک و ہند سے تعلق رکھنے والے نو کے قریب بزرگ علماء درسِ خارج کی تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وفاق المدارس شعبہ قم کا مقصد یہ ہے کہ ان علمی شخصیات کا تعارف پاکستان و ہند کے علمی و دینی حلقوں میں کرایا جائے اور برصغیر کے عوام و خواص کو درپیش اہم فقہی، اعتقادی اور دینی مسائل میں ان کے علمی تجربات اور آراء سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے اس سلسلے کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ علمی نشستوں کے انعقاد کی تجویز پیش کی، تاکہ اساتذہ ایک دوسرے کے علمی تجربات سے فائدہ اٹھائیں اور برصغیر کے دینی معاشرے کی ضروریات کے مطابق علمی رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

اساتذۂ درسِ خارج کی آراء اور تجاویز:

نشست میں استادِ درسِ خارج آغا محمد عباس صادقی نے اس اقدام کو اہم قرار دیتے ہوئے ایسی نشستوں کے تسلسل پر زور دیا۔ انہوں نے علماء کے درمیان علمی مباحثے، تبادلۂ خیال اور مشترکہ علمی سرگرمیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

استادِ درسِ خارج آغا سید محمد باقر رضوی کشمیری نے اجتہاد کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان و ہند کے مخصوص دینی، فقہی اور معاشرتی مسائل کے پیشِ نظر حوزہ علمیہ قم کے باصلاحیت علماء کو اجتہاد کے میدان میں آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ برصغیر کے علماء کی علمی استعداد کو ان معاشروں کی دینی ضروریات سے مربوط کیا جائے اور اساتذہ کے درمیان علمی روابط کو مضبوط بنایا جائے۔

استادِ درسِ خارج آغا شعبان علی ہادی نے ماہانہ کے بجائے مہینے میں دو مرتبہ ایسی نشستوں کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے حوزہ ہائے علمیہ نجف اشرف اور قم المقدسہ میں پاک و ہند کے علماء کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے علمی اجتماعات ان مسائل کے حل، تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے لیے مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔
نیز آغا محترم نے فقہی مسائل کے علاؤہ عقائد سے متعلق متنازع موضوعات پر بھی تحقیقی کام اور علمی مباحثہ کی اہمیت و افادیت کو بیان کیا۔

استادِ درسِ خارج آغا محمد باقر مقدسی نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کیا اور جامعۃ المنتظر کے بزرگان اور وفاق المدارس کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم علمی سلسلے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا سلسلہ بہت پہلے شروع ہوجانا چاہیے تھا۔

انہوں نے حوزہ ہائے علمیہ میں طلباء و فضلاء کی علمی سرگرمیوں، انہیں درپیش مشکلات اور ان کی علمی استعداد کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور مفید آراء و تجاویز پیش کیں۔

آیت اللہ مقدسی نے مزید کہا کہ پاکستان و ہند کے علماء کی علمی استعداد اور ادبی خدمات عرب اور ایران کے علمی حلقوں میں معروف ہیں۔ حوزہ علمیہ قم اور نجف اشرف میں برصغیر کے علماء کا درسِ خارج تدریس کرنا ایک اہم علمی خدمت ہے۔ اگر یہ بزرگ علماء مہینے میں ایک یا دو مرتبہ جمع ہوکر اپنے ممالک کے مسائل پر گفتگو کریں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں تو اس کے دور رس اور مفید نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، جن سے عوام و خواص کے متعدد دینی مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔

استادِ درسِ خارج آغا شجاع حسین حسینی نے بھی اس نشست کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء و بزرگان کا ایک جگہ جمع ہوکر علمی گفتگو کرنا اور مشترکہ مسائل پر تبادلۂ خیال کرنا ایک بابرکت قدم ہے، جسے جاری رہنا چاہیے۔

’’مجمع اساتید درسِ خارج شبہِ قارّہ‘‘ کے قیام کا اعلان:

نشست کے اختتام پر تمام شرکاء کی تائید سے وفاق المدارس شعبہ قم کے مدیر آغا علی اصغر سیفی صاحب نے اس علمی اجتماع کو ’’مجمع اساتید درسِ خارج شبہِ قارّہ‘‘ کا نام دینے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ اس مجمع کی نشستیں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی، جن کا ابتدائی فیصلہ ماہانہ نشستوں کے انعقاد کا ہے۔ ان نشستوں میں سب سے پہلے تمام اساتذۂ درسِ خارج کے علمی و تدریسی سفر اور سوانحی کوائف مرتب کیے جائیں گے، جنہیں وفاق المدارس شعبہ قم ایک کتاب کی صورت میں جمع کرکے شائع کرے گا۔

بعد ازاں پاکستان و ہند سے موصول ہونے والے اہم علمی، فقہی اور اعتقادی سوالات و مسائل کو ان نشستوں کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا، تاکہ متعلقہ موضوعات پر اساتذہ کے علمی افادات، آراء اور رہنمائی کو منظم انداز میں مرتب کیا جاسکے۔

اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ ان نشستوں میں ہونے والی علمی گفتگو اور حاصل ہونے والے نتائج کو تحریری شکل دے کر پاکستان و ہند کے علماء، دینی اداروں، طلباء اور عوام تک پہنچایا جائے گا، تاکہ حوزہ علمیہ قم کے علمی سرمایہ سے برصغیر کے دینی حلقے بھی استفادہ کرسکیں۔

دعا اور فاتحہ خوانی کے ساتھ نشست کا اختتام:

نشست کے اختتام پر استادِ حوزہ علمیہ قم آیت اللہ محمد باقر مقدسی نے دعا کرائی اور اس علمی مجمع کی کامیابی، علماء و فضلاء پاک و ہند، بالخصوص جامعۃ المنتظر کے بزرگان کے لیے مزید علمی و دینی توفیقات کی دعا کی۔ اس موقع پر مرحوم علماء و بزرگان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

یہ نشست حوزہ علمیہ قم میں پاک و ہند کے اساتذۂ درسِ خارج کے علمی روابط کو منظم کرنے، برصغیر کے دینی مسائل پر تخصصی گفتگو کو فروغ دینے اور حوزہ کے علمی تجربات کو عوام و خواص تک منتقل کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64497

ٹیگز