وفاق ٹائمز، ہسپانوی وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے اسرائیل کو انتباہ کیا ہے ہے کہ وہ غزہ جانے والے صمود فلوٹیلا کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مشن انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر روانہ ہوا ہے اور اس میں شامل تمام افراد کو مکمل سفارتی تحفظ حاصل ہوگا۔
کوپن ہیگن میں یورپی یونین کے سربراہان مملکت و حکومت کے اجلاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سانچیز نے فلوٹیلا کی سلامتی سے متعلق تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ امدادی قافلہ غزہ کی جانب بڑھ رہا ہے تاہم اسرائیلی افواج کی جانب سے روکے جانے کا خدشہ ہے۔
سانچیز نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ یہ ایک انسانی مشن ہے۔ اگر صہیونی حکومت نے اقوام متحدہ کی ذیلی امدادی ایجنسی کو غزہ میں داخل ہونے اور امداد تقسیم کرنے کی اجازت دیتی تو یہ نوبت نہ آتی۔
انہوں نے بتایا کہ اسپین نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک بحری جہاز تعینات کیا ہے اور اس مشن میں شامل دیگر ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
سانچیز نے مزید کہا کہ میں نے ابتدا ہی سے اسرائیل کو واضح طور پر بتایا ہے کہ فلوٹیلا میں شامل ہسپانوی شہریوں کو مکمل سفارتی تحفظ حاصل ہوگا، اور یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ افراد اسرائیل کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہیں، لہٰذا میں امید کرتا ہوں کہ اسرائیل، خاص طور پر وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت، اس فلوٹیلا کے لیے کسی قسم کا خطرہ پیدا نہیں کرے گی۔