1

پاکستان کا صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ، غزہ کیلیے امداد روکنے کی مذمت

  • News cod : 62349
  • 02 اکتبر 2025 - 12:10
پاکستان کا صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ، غزہ کیلیے امداد روکنے کی مذمت
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کی غیر قانونی حراست بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس اقدام سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس فلوٹیلا میں 40 سے زائد شہری کشتیاں شامل تھیں، جن میں تقریباً 500 بین الاقوامی کارکن سوار تھے، جن کا مقصد محصور غزہ کے عوام تک انتہائی ضروری انسانی امداد پہنچانا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کی غیر قانونی حراست بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس اقدام سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ قابلِ مذمت اقدام اسرائیل کے جاری جارحانہ رویے اور غزہ کے غیر قانونی محاصرے ہی کا تسلسل ہے، جس کے باعث 20 لاکھ سے زائد فلسطینی شدید انسانی بحران کا شکار ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنا چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت بطور قابض قوت اس کی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کی جائے، غزہ کا غیر قانونی محاصرہ ختم کیا جائے، انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، فلوٹیلا پر سوار تمام کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کا مکمل احترام کیا جائے۔

پاکستان نے اسرائیل کے بار بار بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر احتساب کا مطالبہ بھی دہرایا ہے۔

پاکستان نے فلسطینی عوام سے اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ریاست فلسطین کے قیام کی مکمل حمایت کی ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=62349

ٹیگز