مجلسِ وحدت مسلمین جموں وکشمیر پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے؛ جس میں اکثریت رائے سے علامہ ڈاکٹر یاسر عباس سبزواری صدر منتخب ہو گئے اور نو منتخب صدر سے تنظیم کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے حلف لیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان جموں وکشمیر کی ریاستی شوریٰ کا اجلاس سینٹرل پریس کلب ہال مظفرآباد میں منعقد ہوا؛ اجلاس میں ریاستی کابینہ و تمام اضلاع سے صدور و جنرل سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔
اجلاس میں خصوصی طور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید ظہیر عباس نقوی و مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی آصف رضا ایڈووکیٹ شریک ہوئے۔
اجلاس میں اضلاع و ریاستی کابینہ کی طرف سے 2 نام برائے انتخاب ریاستی صدر مجلس وحدت مسلمین کشمیر پیش کیے گئے، جبکہ ایک نام مرکزی انتخابی کمیٹی نے دستوری تقاضوں کے تحت شامل کیا اور تین ناموں کا اعلان ہوا۔
ممبرانِ شوریٰ نے باقاعدہ ووٹ کے ذریعے علامہ ڈاکٹر سید یاسر عباس سبزواری کو دوسری بار مجلس وحدت مسلمین کشمیر پاکستان کا صدر منتخب کر لیا۔
اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی علیہ السلام کے ماننے والے ہر ظالم کے خلاف ہیں اور ہر مظلوم کے حامی ہیں، جہاں کہیں بھی مظلوم ہو گا مجلس وحدت مسلمین اس کی آواز بنے گی۔ ہم مسلک و مذہب نہیں دیکھتے اگر کوئی غیر مسلم بھی مظلوم ہے ہم اس کے حمایتی ہوں گے اور اگر کوئی اپنا بھی ظالم ہے تو ہم اس کے خلاف علم بغاوت بلند کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے ٹرمپ کی تعریفوں پر تشویش کا اظہار کیا اور شرم الشیخ میں نوبل پرائز کے بارے میں دوبارہ بات شہداء کے خون سے غداری قرار دیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو ایک چیونٹی ہے اور ٹرمپ بڑا شیطان ہے، کہا کہ اسرائیل ٹرمپ کے بغیر کچھ بھی نہیں کر سکتا؛ اسی ٹرمپ کو نوبل پرائز دیا جائے کہ جو مسلم امہ کے ہزاروں بچوں کا قاتل ہے، جو غزہ کا قاتل ہے، جو مسلم امہ کے قلب پر وار کرتا ہے اور ہمارے حکمران اسے امن کا سفیر کہتے ہیں۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ ہم مظلوم و محکوم انسان کے ساتھ بلا تفریق مسلک و مذہب کھڑے ہیں؛ جموں وکشمیر میں بھی ہر عوامی و قومی ایشو پر مجلس وحدت مسلمین پہلے بھی میدان میں تھی دوبارہ قائد وحدت سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں نئے عزم و ولولے کے ساتھ میدان میں موجود رہے گی۔
کانفرنس سے نو منتخب صدر مجلس وحدت مسلمین کشمیر علامہ ڈاکٹر یاسر عباس سبزواری، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل علامہ فرید عباس نقوی، صدرِ مجلسِ علماء مکتب اہلبیت کشمیر مولانا سید حمید نقوی، ڈویژن مظفرآباد تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری خواجہ شفیق احمد، جعفریہ رابطہ کونسل کشمیر کے چیئرمین مخدوم لیاقت نقوی، پیپلز پارٹی کشمیر کے مرکزی رہنما شوکت جاوید میر، امامیہ آرگنائزیشن کشمیر ریجن کے ناظم سید اشتیاق سبزواری، جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل کے چیئرمین سید زوار نقوی ایڈووکیٹ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کشمیر ڈویژن کے صدر حمزہ سلطان سبزواری، تحریک انصاف مظفرآباد کے رہنما سید بیدار نقوی ایڈووکیٹ، سابق ریاستی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم کشمیر سید ابرار حسین بخاری، سید حسنین نقوی، مخدوم سید زین نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔
کانفرنس کا اختتام شہدائے اہل تشیع و غزہ کے لیے فاتحہ خوانی و بلندی درجات کی دعا کے ساتھ کیا گیا












