4

تنظیم المکاتب کے یومِ تاسیس پر ویبینار کا انعقاد: ادارۂ تنظیم المکاتب؛ امام سجاد (ع) کی تحریک کا مرہونِ منّت، مقررین

  • News cod : 63007
  • 11 نوامبر 2025 - 20:40
تنظیم المکاتب کے یومِ تاسیس پر ویبینار کا انعقاد: ادارۂ تنظیم المکاتب؛ امام سجاد (ع) کی تحریک کا مرہونِ منّت، مقررین
گولہ گنج لکھنؤ میں ادارۂ تنظیم المکاتب کے زیرِ اہتمام منعقدہ دو روزہ جشنِ ولا اور ویبینار کی آخری دو نشستیں گزشتہ منعقد ہوئیں؛ جن میں ملک ہندوستان کے ممتاز علمائے کرام و شعرائے اہل بیتؑ نے شرکت کی

گولہ گنج لکھنؤ میں ادارۂ تنظیم المکاتب کے زیرِ اہتمام منعقدہ دو روزہ جشنِ ولا اور ویبینار کی آخری دو نشستیں گزشتہ منعقد ہوئیں؛ جن میں ملک ہندوستان کے ممتاز علمائے کرام و شعرائے اہل بیتؑ نے شرکت کی۔

اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین حکیم الٰہی نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای ایران نے امام زین العابدینؑ کی شان میں فرزدق کے اشعار پیش کیے اور امام کی دعاؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام سجادؑ کی دعائیں انسان کی زندگی سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم المکاتب ایک ایسا ادارہ ہے جو پورے ملک میں علمی و تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے اور معیار کے ساتھ کام کر رہا ہے، جو قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

مولانا حسنین باقری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو احادیث و آیات ہم تک پہنچی ہیں، انہیں دوسروں تک پہنچانے سے پہلے خود بھی عمل کرنا ضروری ہے، تاکہ معاشرہ میں حقیقی سدھار پیدا ہو۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ جس طرح دنیوی تعلیم کے لیے یونیورسٹی ہوتی ہے، اسی طرح دینی تعلیم کے لیے حوزۂ علمیہ کو ایک یونیورسٹی کی طرح کام کرنا چاہیے۔

مولانا اختر عباس جون نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام سجادؑ نے امام حسینؑ کی قربانی کو تحریک بنایا، اگر یہ تحریک نہ بنتی تو قربانی وہیں ختم ہو جاتی۔ اسی سیرت پر چلتے ہوئے بانی تنظیم مولانا سید غلام عسکریؒ نے دین کی اشاعت کے لیے تحریک قائم کی، جو انشاء اللہ ہمیشہ باقی رہے گی۔

اس موقع پر مولانا صابر علی عمرانی، جناب سلیم بلرامپوری اور مولانا وقار سلطان پوری نے منظوم انداز میں بارگاہ امام زین العابدینؑ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

پروگرام کے اختتام پر شرکائے اجلاس نے بانی تنظیم مولانا سید غلام عسکری کی دینی و علمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تنظیم المکاتب کے جاری تعلیمی مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63007

ٹیگز