جامعہ المصطفیٰ کراچی شعبۂ طالبات کے تحت ہفتۂ کتاب و کتاب خوانی کے موقع پر ’’کتاب و شخصیت سازی‘‘ کے عنوان سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی؛ جس میں کتاب کے کردار، طلاب کی علمی و روحانی ذمہ داری اور مطالعے کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
نشست کا آغاز آیۂ مبارکہ «الَّذی عَلَّمَ بِالْقَلَم» کی تفسیر سے ہوا، جس میں اس حقیقت کو واضح کیا گیا کہ پہلی وحی نے کتاب اور قلم کو انسانی تربیت، شناخت اور علم کی اصل بنیاد کے طور پر متعارف کروایا ہے۔
علماء کی علمی عظمت، وسیع مطالعہ اور علمی جستجو کی مرہونِ منّت، محترمہ ندا رضوی
اس موقع پر شعبۂ فارغ التحصیلان کی ذمہ دار محترمہ سیدہ ندا رضوی نے کہا کہ کتاب محض معلومات کا ذخیرہ نہیں، بلکہ انسان کی شخصیت، فکر اور سیرت سازی کا بنیادی محور ہے۔ دینی طلاب کے لیے کتاب نہ صرف علمی وقار کی علامت ہے، بلکہ ان کی فکری زینت اور روحانی بلندی کا سر چشمہ بھی ہے۔
انہوں نے حضرت علیؑ کے قول «الکتب بصایٔر العلماء» کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ اہلِ علم کی بصیرت کا سب سے اہم ذریعہ، علمی کتابوں کا سنجیدہ اور عمیق مطالعہ ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مطالعہ طلاب کو علمی اعتماد، فکری اعتدال، اخلاقی نرمی اور ہمہ جہت صلاحیت عطا کرتا ہے۔
علماء کی علمی عظمت، وسیع مطالعہ اور علمی جستجو کی مرہونِ منّت، محترمہ ندا رضوی
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بہترین کتاب دراصل ’’خاموش استاد‘‘ کی حیثیت رکھتی ہے، جو انسان کو درسی حدود سے آگے بڑھ کر عمیق فکر، وسعتِ نظر اور تجرباتی پختگی عطا کرتی ہے۔ شیخ طوسیؒ سمیت اکابر علماء کی علمی عظمت اسی وسیع مطالعہ اور علمی جستجو کی مرہونِ منت ہے۔
شعبۂ فارغ التحصیلان کی ذمہ دار نے کہا کہ مطالعے میں کمی علمی جمود اور فکری زوال کا پیش خیمہ بنتی ہے، جبکہ مسلسل مطالعہ ذہن میں تازگی، تخلیقی قوت، تنقیدی بصیرت اور استدلالی صلاحیت کو پروان چڑھاتا ہے؛ لہٰذا طلاب اپنی فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے صحیفہ سجادیہ، نہج البلاغہ اور دیگر دینی و معرفتی متون کے ساتھ گہرا تعلق قائم کریں، تاکہ فکری استحکام، اخلاقی رسوخ اور علمی بصیرت پیدا ہو۔
علماء کی علمی عظمت، وسیع مطالعہ اور علمی جستجو کی مرہونِ منّت، محترمہ ندا رضوی
نشست میں طالبات کی علمی پیشرفت کے لیے چند عملی نکات بھی پیش کیے گئے، جن میں روزانہ کم از کم بیس منٹ مستقل مطالعہ، ہم درس یا رفیق کے ساتھ گروہی مطالعہ اور مطالعے کے دوران نوٹس نویسی اور حاشیہ نگاری کی عادت شامل ہے












