ایران اور روس نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور پہلے سے طے شدہ اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشتوں پر عملی پیش رفت یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایران اور روس کے مشترکہ توانائی ورکنگ گروپ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت ایران کے نائب وزیر تیل سید علی محمد موسوی اور روس کے نائب وزیر توانائی رومان مارشاوِن نے کی۔
اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں جاری مشترکہ منصوبوں، تعاون کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اس دوران مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کے تحت طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فریقین نے تکنیکی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے ذریعے معاہدوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جاسکتا ہے۔
اجلاس میں معاہدوں پر عملدرآمد میں درپیش ممکنہ رکاوٹوں اور انہیں دوطرفہ تعاون کے دائرے میں حل کرنے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔










