4

جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد معائنے کا کوئی فریم ورک موجود نہیں، ایران

  • News cod : 63639
  • 05 ژانویه 2026 - 23:48
جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد معائنے کا کوئی فریم ورک موجود نہیں، ایران
ایران نے عالمی ایٹمی ادارے سے مطالبہ کیا ہے کہ جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملے کی واضح مذمت کی جائے اور اس میں ملوث عناصر کو جوابدہ بنایا جائے

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ حملے کا نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے اس وقت کوئی واضح اور طے شدہ طریقہ کار موجود نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ویانا میں ایران کا مستقل مشن، جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے اور سیف گارڈز معاہدے کے تحت، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ایران اپنی تمام قانونی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو جوہری تنصیبات محفوظ ہیں، وہاں معائنہ پہلے سے طے شدہ اصولوں کے مطابق کیا جا رہا ہے، تاہم جن مراکز پر حملہ ہوا ہے، ان کے معائنے کے حوالے سے نہ کوئی سابقہ مثال موجود ہے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی تکنیکی ہدایات طے کی گئی ہیں، اسی لیے ان مقامات کے معائنے کا کوئی باقاعدہ فریم ورک موجود نہیں۔
بقائی نے زور دیا کہ ایران کی بنیادی توقع یہ ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ آف گورنرز ملک کی پرامن جوہری تنصیبات پر ہونے والے اس حملے کی واضح اور کھلی مذمت کریں اور اس غیرقانونی اقدام میں ملوث عناصر کو جوابدہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ایٹمی ادارے کو خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے اور متعلقہ فریقوں کو ان کے وعدوں پر عمل درآمد کا پابند بنانا چاہیے، تاکہ ایسے اقدامات کا دوبارہ اعادہ نہ ہو۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63639