1

امام خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے عظیم سانحہ ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

  • News cod : 63804
  • 02 مارس 2026 - 22:47
امام خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے عظیم سانحہ ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
شیعہ علماء کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے مرکزی امیر نے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ لپیٹ لپیٹ کر مذمت کرنے کے بجائے کھل کر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کی مذمت کریں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ لپیٹ لپیٹ کر مذمت کرنے کے بجائے کھل کر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کی مذمت کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی سربراہی میں آئے شیعہ علماء کرام کے وفد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں علامہ سید حیدر عباس عابدی، علامہ سید باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن و دیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان و دیگر عہداران بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایران کی جنگ صرف ایران کی نہیں بلکہ پورے خطے اور پاکستان کے دفاع کی جنگ ہے، اگر ایران میں رجیم چینج کا خواب پورا ہوا تو اسرائیل پاکستان کی سرحدوں تک پہنچ جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران پر حالیہ امریکی اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے عظیم سانحہ ہے، امام خامنہ ای نے جھکنے کے بجائے مزاحمت کا راستہ اپنایا اور جامِ شہادت نوش کیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے امریکی قونصل خانے کے باہر فائرنگ سے 16 افراد کی شہادت کو انتہائی اندوہناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہتے مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا، اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچائے، محض خاموشی سے کام نہیں چلے گا، پاکستانی سرزمین پر امریکی غنڈہ گردی ناقابلِ قبول ہے اور کسی کو بھی ریمنڈ ڈیوس طرز کا ریلیف نہیں ملنا چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی سطح پر جنگی مجرم قرار دیا جائے اور وقت آ گیا ہے کہ امتِ مسلمہ شیعہ سنی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر عالمی سامراج کے خلاف متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس دکھ کی گھڑی میں مظلوموں اور ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63804

ٹیگز