3

سید مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب انقلاب کا تسلسل اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مظہر ہے، شیخ احمد نوری

  • News cod : 63904
  • 10 مارس 2026 - 16:41
سید مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب انقلاب کا تسلسل اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مظہر ہے، شیخ احمد نوری
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں اسلامی دنیا کے اتحاد، فلسطین کی آزادی اور عالمی امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

ممبر گلگت بلتستان کونسل و صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت بلتستان علامہ شیخ احمد علی نوری نے کہا ہے کہ نو منتخب سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کا اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے سپریم لیڈر منتخب ہونا انقلاب اسلامی کے تسلسل، استحکام اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی پوری زندگی اسلام، انقلاب اسلامی اور مظلوم اقوام کی حمایت کے لیے جدوجہد سے عبارت رہی۔ انہوں نے اپنی بصیرت مند قیادت کے ذریعے نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کو مضبوط بنایا بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور استکباری قوتوں کے مقابلے میں مزاحمت کے جذبے کو بھی فروغ دیا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای ایک باصلاحیت، مدبر اور انقلابی فکر کے حامل عالمِ دین ہیں، جنہوں نے ہمیشہ اسلامی انقلاب کے اصولوں، مظلوم اقوام کی حمایت اور استکباری قوتوں کے خلاف ڈٹ کر موقف اختیار کیا ہے۔ ان کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران مزید مضبوط اور باوقار انداز میں عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب ایران ہمیشہ سے مظلوم اقوام، خصوصاً فلسطین کے عوام کے لیے امید کی کرن رہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ نئی قیادت کے تحت ایران مظلوموں کی حمایت اور ظالم قوتوں کے خلاف اپنے اصولی مؤقف کو مزید مضبوطی کے ساتھ جاری رکھے گا۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خطے میں بدامنی اور ظلم کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ استکباری قوتیں ہمیشہ اسلامی ممالک کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف رہی ہیں، لیکن انقلاب اسلامی کی قیادت نے ہر دور میں ان سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بھی ایران استکبارِ عالم کے خلاف حق و صداقت کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش موجودہ چیلنجز کے تناظر میں ایک مضبوط، با بصیرت اور شجاع قیادت وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں اسلامی دنیا کے اتحاد، فلسطین کی آزادی اور عالمی امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ آخر میں علامہ شیخ احمد علی نوری نے شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی دینی و انقلابی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مشن اور فکر ہمیشہ زندہ رہے گا، اور اسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت امت مسلمہ کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو گی۔ انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سلامتی اور طویل عمر عطا فرمائے تاکہ وہ امت مسلمہ کی بہتر رہنمائی کر سکیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63904

ٹیگز