ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے علاقائی و عالمی اثرات پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے فون پر بات چیت کے دوران حالیہ پیش رفت اور کشیدگی کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں اور ایران کی جانب سے کیے گئے دفاعی اقدامات کا بھی غور کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر ایران کے مؤقف اور مسلح افواج کی جانب سے کیے گئے دفاعی اقدامات کی وضاحت کی۔
دوسری جانب مصری وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنے ملک کی جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ جاری رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایران اور مصر کے درمیان سفارتی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔












