تنظیم المدارس کے صدر اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار مثالی ہے، ایران کیساتھ ہیں اور اس میں کسی قسم کی تفرقہ بازی نہیں۔ سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اقوامِ متحدہ دنیا میں امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے تو نیٹو کے بھی بخیے ادھیڑ دیئے ہیں۔ مفتی منیب الرحمان نے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید کہا نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی محنت ان شا اللہ رنگ لائے گی اور اس سے پاکستان کا عالمی مقام مزید بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار نمایاں اور مثالی ہے۔ پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے زور دیا افغانستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کو ہر صورت برقرار رہنا چاہیے۔ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، خطے میں پائیدار امن کیلئے دونوں ملکوں کو مل بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے ہوں گے۔












