عالمی یومِ ارض کے موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام کلفٹن تین تلوار سے سائیکل ریلی نکالی گئی، جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، جہاں احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ منعقد کیا گیا۔ یکجہتی فلسطین، لبنان و ایران سائیکل ریلی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما اور سول سوسائٹی سمیت اقلیتی برادری کے رہنمائوں بشمول ڈاکٹر صابر ابو مریم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، علامہ حیات عباس نجفی، صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، اسرار عباسی، ارم بٹ، علامہ مرزا طاہر، بشیر سدوزئی، جمشید حسین، پیر معاذ نظامی سمیت افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے پاکستان اور فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، جبکہ ان کے ہاتھوں میں ایران، لبنان اور فلسطین کے شہداء اور رہنماؤں کی تصاویر پر مشتمل پلے کارڈز بھی موجود تھے۔
شرکا کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور عالمی برادری اور عرب ممالک کی موجودہ امریکا اسرائیل جنگ میں انکی پالیسیوں کی مذمت کی گئی۔ کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی اجتماع سے مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکا، اسرائیل نامنظور سمیت ہندوستان مردہ باد و دیگر نعرے بھی لگائے۔












