2

خشک سالی میں شدت: سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک میں نماز استسقاء

  • News cod : 63043
  • 15 نوامبر 2025 - 15:35
خشک سالی میں شدت: سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک میں نماز استسقاء
غیر معمولی خشک سالی کے بعد سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک میں مساجد اور بیابانوں میں ہزاروں افراد نے بارش کے لئے نماز استسقاء ادا کی۔

مشرق وسطی میں شدید اور غیر معمولی خشک سالی کے بعد سعودی عرب کے تمام علاقوں میں نماز استسقاء ادا کی گئی

سعودی میڈیا کے مطابق ملک بھر کی مساجد، کھلے میدانوں اور دیگر مقامات پر شہری بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور بارش کے لیے اجتماعی دعائیں کیں۔ مختلف شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں لوگوں نے عبادت اور دعا کے اس اجتماعی عمل میں بھرپور شرکت کی۔

اس سے قبل سعودی فرمانروا اور ملک کے مفتی اعظم نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ملک بھر میں نماز استسقاء ادا کی جائے اور اللہ سے رحمت و بارش کی دعا کی جائے۔

سعودی عرب کے ساتھ ساتھ شام اور قطر میں بھی خشک سالی کے بڑھتے ہوئے بحران کے باعث حکومتی اور مذہبی اداروں نے نمازِ استسقاء کی دعوت دی ہے۔ شام کی وزارتِ اوقاف نے عوام سے کہا کہ نماز سے قبل تین دن روزہ رکھیں اور حقوق العباد کی ادائیگی، توبہ اور اجتماعی استغفار کے ساتھ دعا میں شریک ہوں۔

قطر میں بھی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے نماز استسقاء کی دعوت دی۔ توقع ہے کہ امیر قطر دوحہ کے علاقے لوسیل کے بڑے مصلی میں ہزاروں افراد کے ساتھ یہ نماز ادا کریں گے۔ قطر بھی حالیہ مہینوں میں شدید گرمی اور کم بارش کا سامنا کررہا ہے۔

متعدد عرب ممالک میں بیک وقت نماز استسقاء کی ادائیگی اس امر کی علامت ہے کہ اسلامی معاشرے چیلنجز اور قدرتی ابتلا کے وقت اپنی مذہبی اور فطری روایت کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ صورتحال غیر پائیدار ترقیاتی پالیسیوں، بےتحاشا وسائل کے استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے جنم لینے والے گہرے ماحولیاتی بحران کی طرف بھی واضح اشارہ ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63043