12

پاکستان سے موٹر سائیکل سوار ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سیاحت کے فروغ کے لئے ایران کا سفر کریں گے

  • News cod : 26182
  • 06 دسامبر 2021 - 14:16
پاکستان سے موٹر سائیکل سوار ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سیاحت کے فروغ کے لئے ایران کا سفر کریں گے
موٹر سائیکل سواروں کی ٹیم کی سربراہی کرنے والے مکرم خان ترین نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین تاریخ،ثقافت، زبان اور فن میں بہت کچھ مشترک ہے،سیاحت کے میدان میں بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں،لہٰذا ان مشترکات کی نشاندہی اور ان کا بہترین استعمال کیا جانا چاہئے۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی”روٹ کراس”کلب کے اراکین نے ایران کے اپنے 26 روزہ دورے کا آغاز جمعرات 2 دسمبر کو لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ میں دونوں مسلمان اور پڑوسی ممالک کے درمیان دوستی اور سیاحت کے فروغ کے نعرے کے ساتھ کیا ہے۔
لاہور میں”کراس روٹ” کلب کے تیرہ موٹر سائیکل سواروں نے ایرانی خانہ فرہنگ میں منعقدہ ایک پروگرام میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعلان کیا۔
موٹر سائیکل سواروں کی ٹیم کی سربراہی کرنے والے مکرم خان ترین نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین تاریخ،ثقافت، زبان اور فن میں بہت کچھ مشترک ہے،سیاحت کے میدان میں بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں،لہٰذا ان مشترکات کی نشاندہی اور ان کا بہترین استعمال کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف کئے جانے والے 2019ءکورونا سے پہلے کے اپنے سابقہ ​​سفر کی یادوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے راستے میں اور چھوٹے اور بڑے شہروں میں اس قدر گرمجوشی اور مہمان نوازی کے ساتھ ہمارا استقبال کیا کہ ہم نے ایک بار پھر بہترین ثقافت اور قدیم تاریخ کے حامل اس خوبصورت ملک کا سفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستانی موٹرسائیکل سواروں نے ایرانی اور پاکستانی اقوام کی مشترکہ اور قدیم روایت “قرآن مجید کے نیچے سے گزر کر”موسم سرما کے دوران اپنے طویل اور مشکل سفر کا آغاز کیا۔
لاہور میں ایرانی خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جعفر روناس نے پاکستان کلچرل سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سیاحت کے فروغ کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تاریخ،رسم و رواج،زندگی کی روایات اور زبان کے اعتبار سے دنیا میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی میڈیا نے ہمیشہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ ثقافتی تعلقات کو داغدار کرنے کی کوشش کی ہے۔آپ کی کوششوں سے دونوں ممالک کی ثقافت اور لوگوں کے مابین رابطوں کی شناخت ہو سکتی ہے۔
جعفر روناس نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران میں شہید قاسم سلیمانی جیسے بہت سے ہیروز گزرے ہیں،کہا کہ حالیہ برسوں،امریکی دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے اسلام کے اس عظیم شہید کی قبر آپ کے سفر کے راستے شہر کرمان میں واقع ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 26 روزہ دورے کے دوران پاکستانی موٹر سائیکل سوار لاہور سے 6500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے ایرانی بارڈر تفتان سے ایران کے اندر داخل ہوں گے اور وہاں سے زاہدان،بم،کرمان،یزد،اصفہان، کاشان،قم اور تہران کا سفر کریں گے۔
موٹر سائیکل سوار گروپ ملتان اور کوئٹہ میں بھی ایرانی خانہ فرہنگ کا دورہ کرے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=26182