9

نہج البلاغہ،نسل انسانیت تک منتقل کرنا عہد حاضر کی نہایت اہم ضرورت، علامہ ساجد نقوی

  • News cod : 44716
  • 06 مارس 2023 - 14:21
نہج البلاغہ،نسل انسانیت تک منتقل کرنا عہد حاضر کی نہایت اہم ضرورت، علامہ ساجد نقوی
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جامعہ جعفریہ جنڈ میں "نہج البلاغہ کانفرنس" کے عنوان پر منعقدہ جامعہ کے سالانہ جلسہ کے موقع پر اپنا خصوصی پیغام ارسال کیا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جامعہ جعفریہ جنڈ میں “نہج البلاغہ کانفرنس” کے عنوان پر منعقدہ جامعہ کے سالانہ جلسہ کے موقع پر اپنا خصوصی پیغام ارسال کیا ہے۔ ان کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

باسمہ تعالی

امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ذات مجموعہ کمالات ہے۔ ان کی فضیلت اور خصوصیات پر قرآنی آیات اور احادیث پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس قدر ہیں کہ ان کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا گویا قرآنی تعلیمات اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی تعبیر کا مشاہدہ آپ علیہ السلام کی سیرت عالیہ میں کیا جا سکتا ہے۔

مولائے کائنات کے معارف اسلامی پر مبنی خطبات فصاحت و بلاغت کا بے مثال نمونہ ہیں۔ نہج البلاغہ قرآن و سنت کی تشریح و تفسیر ہے۔ کہنے والوں نے ورطہ حیرت میں ڈوب کر کہا “کلامه تحت کلام الخالق و فوق کلام المخلوق” حقائق و معارف سے لبریز کم و بیش 241 خطبات میں عقائد، احکام، افراد، حیوانات، نباتات، افلاک و کواکب، معدنیات، تاریخی شہروں و واقعات کے تذکرے کے ساتھ ساتھ ادعیہ کے بیان میں جو طرز اسلوب اور جاذبیت ہے وہ علم و کمال کے متلاشی افراد کے لئے مینارہ نور ہے۔ حضرت علیہ السلام نے سیاست الہیہ کو جس مفصل اور مدلل انداز میں بیان کیا وہ انتہائی بے مثال ہے۔

لائق تحسین ہیں مرکز افکار اسلامی کے احباب اور اس کے روح رواں جناب مولانا مقبول حسین علوی صاحب جن کی محنت اور ذمہ داری سے بیرون ملک اور پاکستان میں سال بھر میں نہج البلاغہ کے تعارف اور اہمیت کے حوالے سے پروگرام منعقد کئے جاتے رہتے ہیں۔ جس سے لوگوں کے فکر و شعور میں اضافہ ہو رہا ہے۔

نہج البلاغہ جیسی عظیم کتاب اور امام عادل علیہ السلام کے فصیح و بلیغ کلام کو آئندہ نسلوں بلکہ نسل انسانیت تک منتقل کرنا عہد حاضر کی نہایت اہم ضرورت ہے اور اس کے لئے مرکز افکار اسلامی کے ذمہ داران کے ساتھ ہمکاری کرنا احسن عمل ہے۔

میں نہج البلاغہ کانفرنس کے منتظمین اور جامعہ جعفریہ جنڈ کے مسئولین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی توفیقات خیر میں اضافے کیلئے دعاگو ہوں اور حاضرین سے بجا طور پر توقع کرتا ہوں کہ وہ اس کانفرنس سے بھرپور استفادہ کریں گے اور خاص طور پر نوجوان نسل اپنی فکری و عملی تربیت کے لئے اس سے مستفید ہو گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=44716