وفاق ٹائمز، تفصیلات کے مطابق مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے ایران کے دیگر شہروں اور قریوں کے علاوہ دوسرے ملکوں کے زائرین کی بڑی تعداد بھی مشہد مقدس پہنچی ہے۔ بارگاہ رضوی اور اس کے اطراف کی سڑکیں آپ کے سوگواروں اور زائرین سے بھری ہوئی ہیں اور ماتمی انجمنوں کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے جو حرم رضوی کی جانب رواں دواں ہے۔ مشہد مقدس پہنچنے والے غیر ملکی زائرین میں پاکستان اور ہندوستان کے دسیوں ہزار زائرین بھی شامل ہیں۔
اربعین حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی جانے والے پاکستان، افغانستان، ہندوستان اور بعض دیگر ممالک کے زائرین کی بڑی تعداد اس وقت مشہد مقدس میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ عراق، شام لبنان، آذربائیجان، ترکیہ، خلیج فارس کے خطے اور دیگر ملکوں کے زائرین بھی ہیں جو براہ راست فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچے ہیں۔ مشہد اور اسکے قرب و نواح میں ہزاروں کی تعداد میں موکب اور سبیلیں امام عالی مقام کے زوار کی خدمت میں مصروف ہیں۔ سوگواروں کی بڑی تعداد نیشاپور اور دیگر علاقوں سے پیدل مارچ کرتے ہوئے آقا امام رضا کے شہر پہنچی ہے۔
گزشتہ شب حرم رضوی میں قدیمی روایت کے تحت خطبہ خوانی کا پروگرام بھی منعقد ہوا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل حسین سلامی کے علاوہ دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔