وفاق ٹائمز، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے وفد کے ہمراہ بابائے قوم محمد علی جناح کی 76ویں برسی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا قائد اعظم محمد علی جناح نے 14 اگست 1947ء کو ہمیں ایک شناخت دی، قائد اعظم محمد علی جناح کا ویژن ہی ہمیں ایک خوددار قوم بنا سکتا ہے، آج کے دن ہم سب مل کر عہد کرتے ہیں کہ قائد کا خواب پورا کریں گے اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل عمل میں لائیں گے جہاں برابری کا نظام قائم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں موجود بحرانوں کے لئے اپنے کردار کے ساتھ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کو مقدم خیال کرتے ہوئے سرحدوں کے دفاع کو باہم متحد ہوکر یقینی بنائیں، عوام کو امن و سکون کی فراہمی اور ان کے بنیادی حقوق کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ہم پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے جس کی خاطر 20 لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا گیا، قائداعظم کی روح کو اُس وقت سکون میسر آئے گا جب اُن کا مشن اور مقصد پورا ہوگا۔