وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت پیش کی اور امن عامہ کو بحال کرنے کیلئے کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات پر زور دیا۔
انہوں نے ریلوے سٹیشن کوئٹہ پر ہونیوالے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور جاں بحق سویلین و سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین کو بھی تعزیت پیش کی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: پورے ملک بالخصوص بلوچستان و خیبرپختونخواہ میں سیکورٹی کی حالیہ صورتحال ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کر رہی ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: ہمارا ملک جو تقریباً دو عشرو ں سے زائد عرصہ سے دہشتگردی جیسی عفریت کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کے خلاف آپریشنز کے باوجود دہشتگردی کا دوبارہ سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے۔ خصوصاً عام پاکستانیوں، سیکورٹی اہلکاروں اور چینی باشندوں پر ہونیوالے حالیہ حملوں کے بعد عوام میں ایک مرتبہ پھر بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ دہشتگردی جیسے ناسور سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔