وفاق ٹائمز، قم المقدسہ میں منعقدہ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ اعرافی نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ انقلاب اسلامی محض ایک سیاسی تبدیلی نہیں، بلکہ ایک فکری اور تہذیبی انقلاب ہے جس نے امت مسلمہ کو ایک نئی سمت دی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی عوامی تحریک تھی، جس میں تمام طبقات نے اپنے ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر اسلام کی سربلندی کے لیے قربانیاں دیں۔ یہ انقلاب ایران کی اسلامی، قومی اور تہذیبی شناخت سے جڑا ہوا ہے، اور نئی نسل کو اس کے حقیقی مفہوم سے روشناس کرانا ضروری ہے۔
انقلاب اسلامی اور استکبار کی حقیقت
آیت اللہ اعرافی نے امریکہ اور اس کے حواریوں کی حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہی استکباری نظام کا حقیقی چہرہ ہے۔ اگر ان کا راستہ نہ روکا گیا تو وہ ہر خطے میں غزہ جیسی تباہی پھیلانے کے درپے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی بربادی، بچوں کے قتل عام اور عالمی قوانین کی پامالی دراصل امریکی سامراجیت کی پہچان بن چکی ہے۔
عبادت کی اہمیت اور دینی تربیت
اپنے پہلے خطبے میں آیت اللہ اعرافی نے عبادت کی بنیادوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی معرفت، انسان کی حقیقی شناخت اور دینی اصولوں پر مضبوطی انسان کو عبادت کے حقیقی مقام تک پہنچاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا اور عبادت محض رسم نہیں بلکہ انسان کی بنیادی ضرورت ہے جو اسے روحانی بلندی عطا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگی میں ایسے لمحات پیدا کرنے ہوں گے، جہاں دعا اور مناجات کے ذریعے اپنے باطن کو نورانی بنایا جا سکے، کیونکہ یہی روحانی طاقت ہمیں استعماری سازشوں کے مقابلے میں استقامت عطا کرتی ہے۔
بشکریہ حوزہ نیوز اردو