انقلابی فنکار استاد مسعود نجابتی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب “مسعودِ ہنر” کے موقع پر آیتاللہ اعرافی کا پیغام حجۃ الاسلام والمسلمین علی علیزاده نے پڑھ کر سنایا، جس کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
ایرانِ اسلامی کی اعلیٰ و ارفع ثقافت اور فنون، یقیناً ایک گراں بہا اور بیش قیمت خزانہ ہیں، جسے اس سرزمین کے اہلِ فکر و ہنر نے انسانیت کے لیے بطور تحفہ پیش کیا ہے۔
اس تابناک میراث کی بقا اور فروغ اُن عظیم اصحابِ ہنر کا مرہونِ منت ہے، جنہوں نے خالص دینی تعلیمات اور ایرانی فکر سے الہام لے کر، خلاقیت و جدت کے ساتھ اس کے تحفظ، ترویج اور ارتقا میں اپنا سب کچھ نچھاور کر دیا۔
محترم جناب استاد مسعود نجابتی (زید عزہ)
آپ کی انتھک کاوشیں، ملک گیر سطح پر دینی و انقلابی فن پاروں کی تخلیق، اور فنِ دینی، فنِ انقلاب و مقاومت کے میدان میں آپ کی خالص اور مجاہدانہ موجودگی، آپ کی گراں قدر، درخشاں اور یادگار خدمات کی روشن علامت ہیں۔
آپ کی خاص توجہ اس امر پر مرکوز رہی ہے کہ اسلامی اور شیعی اقدار کو نوجوان فنکاروں کے درمیان عام کیا جائے۔ اس توجہ اور تربیت کا نتیجہ ایک انقلابی اور متعہد نسل کی صورت میں سامنے آیا ہے، جو اس تابناک راستے کی وارث ہے۔
اسی طرح “کانونِ ہنرِ شیعی” کے قیام کے ذریعے شیعی فن کے احیا و تعارف کے لیے آپ کی کوششیں، آپ کے کارنامہ کا ایک اور نمایاں پہلو ہے، جس کے ذریعے اسلامی ایران کی تہذیبی شناخت کو شایانِ شان انداز میں زندہ رکھا گیا۔
بنیاد ملی نخبگان کی جانب سے آپ کو “سرآمدِ ہنری” کا اعزاز عطا کیا جانا، آپ کی دہائیوں پر محیط فکری و فنّی جدوجہد کا عملی اعتراف ہے، جس نے آپ کے نام کو ایران اور عالم اسلام میں ممتاز بنا دیا ہے۔
لہٰذا میں اپنی جانب سے، آپ کی ان خالص، نتیجہ خیز اور ماندگار کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے، اس عظیم کامیابی پر آپ کو اور اہلِ فن و ثقافت کی پوری برادری کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یقیناً، اس سرزمین کے اہلِ فن آپ کی مسلسل اور مخلصانہ محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔
میں دعا گو ہوں کہ خداوندِ متعال آپ کو مزید عزت، کامیابی اور توفیقات عطا فرمائے۔
علی رضا اعرافی
سربراہ حوزہ ہائے علمیہ ایران