رہبر معظم نے یورپی انجمنوں کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایرانی جوانوں کی بہادری اور جانثاری کی بدولت امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد کی جارحیت ناکام ہوگئی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی آیتاللہ العظمی سید علی خامنہای نے یورپ میں اسلامی انجمنوں کے اتحاد کے سالانہ اجلاس کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ظالم اور جابر طاقتوں کی اصل بے چینی کی وجہ جوہری مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوری ایران نے دنیا میں غیر عادلانہ نظام اور استکباری تسلط کے مقابلے میں عادلانہ قومی اور بین الاقوامی اسلامی نظام کا پرچم بلند کر دیا ہے۔
رہبر معظم کے پیغام کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عزیز نوجوانو!
اس سال اسلامی جمہوری ایران ایمان، اتحاد اور خود اعتمادی کی برکت سے دنیا میں ایک نئی ساکھ اور وقار حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ اسلامی جمہوری ایران کے نوجوانوں کی شجاعت اور ایثار کے سامنے امریکی فوج اور خطے میں اس کے آلہ کار کا شدید حملہ شکست کھا گیا۔ یہ حقیقت ثابت ہوگئی کہ ایرانی قوم اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے ایمان اور عمل صالح کے سائے میں جابر اور ظالم مستکبروں کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑی ہوسکتی ہے اور اسلامی اقدار کی دعوت کو پہلے سے کہیں بلند آواز کے ساتھ دنیا تک پہنچاسکتی ہے۔
ہمارے چند سائنسدانوں، کمانڈروں اور بے گناہ سویلین کی شہادت کا گہرا غم پرعزم ایرانی نوجوانوں کو نہ روک سکا ہے اور نہ روک سکے گا۔ شہداء کے خاندان خود اس تحریک کا ہر اول دستہ شمار ہوتے ہیں۔
بات جوہری مسئلے یا اس جیسے دیگر امور کی نہیں ہے۔ اصل بات موجودہ دنیا میں غیر عادلانہ نظام اور استکباری تسلط کے مقابلے کی ہے۔ یہی وہ عظیم مقصد ہے جس کا پرچم ایران نے بلند کیا ہے اور جس نے فاسد طاقتوں کو پریشان کردیا ہے۔
آپ طلباء خصوصا بیرون ملک مقیم طلباء اس عظیم ذمہ داری میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اپنے دلوں کو خدا کی طرف متوجہ کرو، اپنی صلاحیتوں کو پہچانو، اور انجمنوں کو اسی سمت میں حرکت دو۔
خدا تمہارے ساتھ ہے، اور مکمل کامیابی تمہاری منتظر ہے، ان شاء اللہ۔
سید علی خامنہای












