مرجعِ تقلید آیت اللہ نوری ہمدانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کے جائز معاشی مطالبات کو بنیاد بنا کر بدامنی، فساد اور املاک کی توڑ پھوڑ کرنا، نظامِ اسلامی اور انقلاب سے کھلی غداری ہے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے اپنے بیان میں امریکا، صہیونی رژیم اور ان کے اندرونی کارندوں کی جانب سے عوامی مسائل کا ایک بار پھر ناجائز فائدہ اٹھانے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے گزشتہ برسوں میں، خصوصاً حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران، یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایران کی سرزمین کو نقصان پہنچانے کے لیے کسی ریٹ لائن کے قائل نہیں ہیں۔ ان قوتوں کا اصل مقصد ایران اسلامی کی جغرافیائی وحدت کو پارہ پارہ کرنا اور ملک کے وسائل کو لوٹنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ شرپسند اور فتنہ گر عناصر سے خود کو الگ رکھیں اور اس قوم سے غداری کرنے والوں کو بے نقاب کریں۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عوام کے جائز مطالبات کو بھی حق بجانب قرار دیا۔
آخر میں انہوں نے ہر قسم کی فتنہ انگیزی، بدامنی اور نظام، انقلاب اور وطن سے خیانت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے معاشی مسائل کے حل کے لیے شبانہ روز عملی اقدامات کریں










