کوئٹہ میں فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے سالانہ “یکجہتیٔ فلسطین و القدس کانفرنس” کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ کانفرنس میں بلوچستان کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کے اعلامیے میں اعلان کیا گیا کہ ماہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ عالمی یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبہ بھر میں ریلیاں، سیمینارز اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے، جن میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بڑی تعداد میں یوم القدس کے پروگراموں میں شرکت کریں اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کا عملی اظہار کریں۔
مقررین نے غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور نہتے شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کے سلسلے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔ کانفرنس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ نام نہاد امن منصوبوں اور کونسلوں کے ذریعے فلسطین کے مسئلے کو تجارتی و سیاسی مفادات کی نذر کیا جا رہا ہے، جسے پاکستانی عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ نام نہاد بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام کی مزاحمت ان کا قانونی اور بنیادی حق ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی مہاجرین کا حق واپسی ایک ناقابل تنسیخ حق ہے۔ کانفرنس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ تاریخی فلسطین میں ایک آزاد اور شفاف ریفرنڈم کرایا جائے تاکہ اصل باشندے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر امریکہ اور اسرائیل کی اسلام دشمن اور انسان دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ اور مؤثر مؤقف اختیار کرے۔ کانفرنس کے اختتامی اعلامیے میں کہا گیا کہ یکجہتیٔ فلسطین و القدس کانفرنس کے شرکاء امریکہ اور صہیونی ریاست اسرائیل کے ہاتھوں عالم اسلام کے عظیم مجاہد اور تحریک آزادیٔ فلسطین کے پرزور حامی، رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای کی المناک شہادت کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کی شہادت تحریک آزادیٔ فلسطین کو مزید مضبوط، مستحکم اور توانا بنائے گی، اور قابض صہیونی ریاست کا انجام پہلے سے زیادہ قریب ہو چکا ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی امیر و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء عبدالواحد بلوچ، مسلم لیگ بلوچستان کے صوبائی صدر حافظ محمد ادریس مغل، جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا مفتی سنظر سعید، جمعیت اتحاد العلماء بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے وائس پرنسپل مولانا سید علی عمران نقوی، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر انجینیئر جمیل احمد قرد، رابطہ سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل محمد عارف دمڑ، اور مولانا محمد عارف تمڑ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر فلسطین کی آزادی، امت مسلمہ کے اتحاد اور عالم اسلام کے امن و استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔












