1

آیت‌الله العظمی شبیری زنجانی کا امام خامنہ‌ای کی شہادت پر پیغام / اتحاد، باہمی ہمدردی اور تعاون کے فروغ پر تاکید

  • News cod : 63814
  • 03 مارس 2026 - 0:06
آیت‌الله العظمی شبیری زنجانی کا امام خامنہ‌ای کی شہادت پر پیغام / اتحاد، باہمی ہمدردی اور تعاون کے فروغ پر تاکید
آیت‌ الله شبیری زنجانی نے رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: انہوں نے اپنے مقصد پر کامل یقین اور مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدمی کے ساتھ اپنی قیمتی زندگی مضبوط ارادے، جرأت، عزت و وقار اور بے مثال محنت کے ساتھ اسی راستے میں صرف کر دی۔

آیت‌الله شبیری زنجانی نے رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ جس کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

إِنّا لِلّٰهِ وَإِنّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

انتہائی گہرے رنج و غم کے ساتھ رہبرِ معظم آیت اللہ حاج سید علی خامنہ‌ای (رضوان اللہ تعالی علیہ) کی شہادت پر حوزاتِ علمیہ، ان کے معزز اہلِ خانہ اور فرزندانِ گرامی، صبر و وفا کے پیکر ایرانی عوام اور پوری دنیا کے مسلمانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔

وہ بزرگ ہستی، بانیٔ انقلاب کے مکتب کے ممتاز شاگرد اور تربیت یافتہ رہنما تھے۔ انہوں نے اپنے مقصد پر کامل یقین اور مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدمی کے ساتھ اپنی قیمتی زندگی مضبوط ارادے، جرأت، عزت و وقار اور بے مثال محنت کے ساتھ اسی راستے میں صرف کر دی۔ اس مجاہدِ راہِ حق نے گراں قدر خدمات انجام دیں، جو ان شاء اللہ ان کے لیے آخرت کا ذخیرہ ثابت ہوں گی۔

آج ہمارا خبیث دشمن، جس کے ہاتھ بیسیوں معصوم عورتوں، بچوں اور بے گناہوں کے خون سے رنگے جا چکے ہیں، ہمارے وطن اسلامی پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس سرزمین کی تاریخ نے بے شمار نشیب و فراز دیکھے ہیں مگر جس چیز نے ہمیشہ اسلامِ حقیقی اور اس دیار کے باایمان لوگوں کو ثابت قدم رکھا، وہ اہلِ بیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام کی سرپرستی، عوام کی بصیرت، خدا پر توکل اور شرعی فرائض کی ادائیگی رہی ہے۔

ایسے نازک حالات میں ایران کے معزز عوام، جو اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت رکھتے ہیں، اختلافِ رائے یا ماضی کے بعض واقعات پر رنجش کے باوجود، اپنے اتحاد کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں، باہمی ہمدردی اور تعاون کو فروغ دیں اور معصومین علیہم السلام کی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے معاشرے میں ہر قسم کی تقسیم اور دوقطبی کیفیت سے اجتناب کریں اور امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسی طرح ذمہ داران اور حکام کو بھی چاہیے کہ وہ ان مشکل حالات سے نکلنے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے خدا پر توکل، دور اندیشی، درست تدابیر اور مؤثر نگرانی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور عوام کی مخلصانہ خدمت کریں۔

ماہِ مبارک رمضان کی ان بابرکت گھڑیوں میں، میں تمام مؤمنین کو دعا، خدا سے ارتباط اور ائمۂ معصومین علیہم السلام سے توسل کی تلقین کرتا ہوں خصوصاً حضرت ولیِ عصر عجل اللہ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں استغاثہ کی سفارش کرتا ہوں۔

حالیہ واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت، زخمیوں اور متاثرین کی صحت یابی کی دعا کے ساتھ، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں عاجزانہ دعا کرتا ہوں کہ موعودِ امم حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (ارواحنا فداه) کے ظہور میں تعجیل فرمائے تاکہ دنیا میں عدل و انصاف قائم ہو اور انسانیت کے دکھوں کا خاتمہ ہو۔

سید موسیٰ شبیری زنجانی

11 رمضان المبارک 1447 ہجری

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63814

ٹیگز