3

لاہور میں استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد،ایران پرا مریکی جارحیت کی مذمت و یکجہتی کا اظہار

  • News cod : 63987
  • 26 مارس 2026 - 22:41
لاہور میں استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد،ایران پرا مریکی جارحیت کی مذمت و یکجہتی کا اظہار
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ اسلامی جمہوری ایران آزاد خود مختار ریاست اور اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے

لاہور، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے زیر اہتمام قومی مرکز خواجگان میں استحکام پاکستان کانفرنس علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ اسلامی جمہوری ایران آزاد خود مختار ریاست اور اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔پاکستانی عوام، ایران کے ساتھ ہیں، مگر افسوس عالمی ادارے اسرائیل کی درندگی کی مذمت کرنے کی بجائے، ایران کے دفاعی حق کے خلاف قراردادیں منظو ر کررہے ہیں۔

سیمینار میں ایران کی حیران کن جنگی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایران کی طرف سے بھر پورجواب دیا گیا ہے ،جس پر امت فخر کرتی ہے۔انہوں نے رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، علی لاریجانی ، دیگر حکومتی حکام اور شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے عوام سے اظہار ہمدردی کیا گیا اور کہا گیا کہ امت مسلمہ ایران کے ساتھ ہے،ہاں اگر کچھ مسلم حکمرانوں کی مجبوریاں ہیں بھی تو وہ سمجھ آتی ہیں لیکن 56 اسلامی ممالک کے عوام ایران کی حمایت میں کھڑے ہیں۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سکیورٹی ادارے قومی املاک کو پہنچانے کی تحقیقات کریں،کیونکہ جو کچھ شر پسند عناصر مظاہرین کے بھیس میں املاک کو نقصان پہنچارہے تھے ۔جبکہ امریکی قونصل خانے میں میرینز کی طرف سے پاکستانی مظاہرین کی پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ایران کی اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے کھل کر حمایت نہیں کی۔

صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے صدارتی خطاب میں کہا ہم مسلکی نہیں، پاکستانیت کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں ۔فتح ایران کے نام لکھی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا ایران کی امریکہ سے مذاکرات کے لئے شرائط، دراصل امت کا موقف ہے۔جبکہ ایران نے ثابت کیا جنگیں اسلحے کے زور پر نہیں، ایمان قوت سے لڑی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی حفظ اللہ نے ہمیشہ امن محبت کا پیغام دیا ہے جبکہ سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی اس کی ایک عملی تصویر ہے کہ وہ قائد کے حکم پرتمام مکاتب کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ہماری قیادت کا پیغام ہے کہ تشدد ہماری پالیسی نہیں۔ہم نے واضح کیا ہے کہ عالم اسلام بالخصوص ایران کی نگاہیں پاکستان پر ہیں ،پاکستان مضبوط ہوگا تو ایران بھی مضبوط ہوگا ۔ہم کسی قسم کی شرنگیزی کو برداشت نہیں کریں گے۔

کوارڈینٹر قومی پیغام پاکستان امن کمیٹی پاکستان علامہ طاہر محمود اشرفی نے استحکام پاکستان کانفرنس کے انعقاد پر اسلامی تحریک کے رہنماوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا آج پوری امت ایران کے ساتھ کھڑی ہے، یہ اتحاد امت ملی یکجہتی کونسل کا ثمر ہے ، جو مولانا سمیع الحق ، علامہ ساجد علی نقوی اور مولانا ضیاء القاسمی نے جنازوں پر کھڑے ہوکر تشکیل دی ۔انہوں نے کہا ولی امرالمسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کسی ایک ملک یا قوم کے رہنما نہیں تھے، بلکہ وہ عام اسلام کی پسندیدہ شخصیت تھے۔ان کا کہنا تھا سعودی عرب پر میزائل حملے کا مقصد ایران اور عرب ممالک کی لڑائی کروانا تھا۔ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری امت کو اکٹھے ہونا چاہیے ، افسوس مسجد الاقصیٰ کے دروازے مسلمانوں کے لیے بند ہے۔امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں فتح ایران ہی نہیں،مسجد الاقصیٰ اور فلسطین کی ہو گی۔ انہوں نے کہا جمعتہ المبارک کو یوم استحکام پاکستان منایا جائے۔ انہوں نے اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی کے موجودہ حالات پر پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا قائد ملت جعفریہ نے ہمیشہ امت کے اتحاد کی بات کی ہے۔

شیعہ علما ءکونسل پنجاب کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی کا کہنا تھا کہ امریکہ شکست کھانے کے بعد اب منتوں پر اتر آیا ہے۔ ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف مذہبی عقیدتی اور ایمان کے طور پر مضبوط ہیں بلکہ وہ دفاعی حیثیت سے بھی ناقابل تسخیر ہوچکے ہیں۔ایران نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت زیادہ ترقی کی ہے۔قاسم علی قاسمی نے کہا تکفیری گروہ پاکستان میں شیعہ سنی اختلافات اچھالنے کے لیے پھر بلوں میں سے نکل آیا ہے، قومی سلامتی کے ادارے نوٹس لیں۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کی مدد کے جرم میں ایران پر جنگ مسلط کی گئی۔ایران نے جنگ میں استقامت سے کربلا کی یاد تازہ کردی ہے، پاکستان پر ایران کی مدد واجب ہے۔پاکستان کے جنگ میں مثبت کردار کی وجہ سے آج دنیا کے فیصلے کرنے والا امریکہ جنگ میں پھنس گیا ہے تو پاکستان کو ثالث مان رہا ہے۔

کانفرنس سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان مہتمم اعلیٰ جامعتہ المنتظر علامہ محمد افضل حیدری،ممبر قومی پیغام امن کمیٹی علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر ،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل اور سربراہ متحدہ جمعیت اہل حدیث علامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری ،جامعہ اشرفیہ کے مہتمم حافظ اسعد عبید ،مولانا حافظ کاظم رضا نقوی،تحریک منہاج القرآن کے رہنما آصف میر، علامہ اصغر عارف چشتی ،علامہ مفتی عاشق حسین ، مولانا شفقت عباس، چودھری صغیر عباس ورک،پروفیسر محمود غزنوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=63987

ٹیگز