جامعۃ المنتظر لاہور میں آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی رئیس وفاق المدارس شیعہ پاکستان، اور علامہ شیخ محمد حسن جعفری امام جمعہ سکردو، بلتستان، کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں موجودہ بین الاقوامی حالات، خصوصاً ایران پر امریکہ کے ناجائز حملوں کے پس منظر میں امت مسلمہ کے اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علماء کرام نے ایران کے خلاف امریکہ کے ظالمانہ اقدامات کی سخت مذمت کی اور کہا کہ موجودہ حالات میں امت کو اپنے مشترکات کی بنیاد پر متحد رہنا ہوگا۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے جامعۃ المنتظر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی اور تربیتی نظام کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے علامہ سید صفدر نجفی رحمۃ اللہ علیہ کے مرقد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ملاقات اور نشست کے دوران علماء کرام نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی حملے نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے خلاف ہیں، اور اس کے ردعمل میں عالم اسلام کو ایک صفحہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ امت مسلمہ کو ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب صرف ایک ملک کی حمایت نہیں، بلکہ ایمان، شریعت اور اسلامی اصولوں کی حفاظت ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کی سرگرمیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات دشمنوں کے منصوبے کو تقویت دیتے ہیں۔ علماء کرام نے ملت جعفریہ کے اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ دینی و تعلیمی لائحہ عمل کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو پرچم حسینیؑ کے سائے تلے متحد ہو کر دین و ملت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ایران میں مظلوم عوام کی حفاظت فرمائے اور عالم اسلام کے اتحاد کو مضبوط کرے۔ آمین ثم آمین۔












