آیت اللہ العظمیٰ حسین نوری ہمدانی نے ایران کے عوام، مسلح افواج اور حکومتی ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کی فتنہ انگیزی کے خاتمے تک قومی وحدت، عوامی حمایت اور استقامت کو برقرار رکھا جائے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں جب دشمنانِ ملتِ ایران پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتر آئے ہیں، ایرانی عوام نے اپنے بصیرت افروز اور باوقار کردار سے ایک بار پھر اپنی عظمت ثابت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتِ ایران نے اپنے عمل سے امام خمینیؒ کے اس فرمان کی سچائی کو نمایاں کر دیا کہ “ہمارے زمانے کے لوگ صدرِ اسلام کے لوگوں سے بہتر ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ عوام کی یکجہتی اور رہبرِ معظم کی بھرپور حمایت کی بدولت مسلح افواج نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور امریکہ کی جھوٹی ہیبت کو پاش پاش کرتے ہوئے صہیونی دشمن کو ذلت سے دوچار کیا۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے خبردار کیا کہ جو بھی اس قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، وہ دانستہ یا نادانستہ طور پر دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہا ہوگا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امریکی و صہیونی فتنہ کے مکمل خاتمے تک اپنے بیدار اور مؤثر کردار کو جاری رکھیں، جبکہ مسلح افواج، حکومت، تینوں ریاستی اداروں، خصوصاً صدر اور حکومت کی مسلسل حمایت بھی جاری رکھیں۔
آخر میں انہوں نے فوج، سپاہ اور بالخصوص فضائی و خلائی فورس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور انہوں نے اپنی دعاؤں میں ان کی حتمی کامیابی کی آرزو بھی ظاہر کی۔












