پوری دنیا نے دیکھا کہ غزہ، لبنان اور انصاراللہ یمن نے اور بالخصوص بارہ روزہ جنگ میں نظامِ مقدسِ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ اور اسکے حلیف اسرائیل کیخلاف ڈٹ کر کھڑے ہوکر اسلام اور تشیع کا سر بلند کیا۔ یہ ہمیں اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ جو لوگ خدا کی راہ میں مخلص ہوتے ہیں، انہیں اللہ ضرور کامیابی عطا کرتا ہے۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں، جب خدا کی آخری حجت، حضرت امام زمانہ مہدی برحق علیہ السلام ظہور فرمائیں گے۔ جب یہ دنیا ظلم و جور سے بھر چکی ہوگی، تو آپکے ظہور کے ذریعے یہ دنیا عدل و انصاف سے بھر جائے گی اور اسلام کا پرچم پوری دنیا میں بلند ہو جائیگا۔
تحریر: محمد حسین بہشتی
تاریخِ بشریت اس بات کی گواہ ہے کہ ہر دور میں کوئی نہ کوئی طاغوتی حکومت ضرور رہی ہے۔ تاہم جہاں ظلم و ستم سے پر حکومتیں موجود تھیں، وہیں دنیا کے گوشہ و کنار میں کوئی نہ کوئی الہیٰ شخصیت بھی لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے موجود رہی ہے۔ البتہ یہ ماننا پڑے گا کہ اکثریت کافروں، مشرکوں اور فاسقوں ہی کی رہی ہے۔ اس حوالے سے قرآنِ مجید و فرقانِ حمید میں بارہا فرمایا گیا ہے: “اَکْثَرُہُمُ الْکَافِرُون، اَکْثَرُہُمُ الْمُشْرِکُون، اَکْثَرُہُمُ الْفَاسِقُون، اَکْثَرُہُمْ لَا یَشْعُرُون۔” یہ آیتیں ہمیں اس جانب متوجہ کرتی ہیں کہ جو لوگ مومن ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ خدا کی راہ میں ہمیشہ مقابلہ و مبارزہ کی حالت میں رہیں اور اس میں کبھی کوتاہی اور سستی نہ کریں۔
آج کے دور میں بھی وقت کے فرعون و نمرود سمجھے جانے والے عالمی استعمار۔۔۔۔۔خصوصاً امریکہ۔۔۔۔۔ دنیا کو اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق چلانے کے لیے ہر قسم کی ظلم و دہشت گردی کے ذریعے حکومت جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قارونی دولت اور فرعونی طاقت کے سہارے پوری دنیا پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے یہ قوتیں دہشت گردی، بدمعاشی اور شرارت کی انتہاء کر رہی ہیں اور بظاہر دنیا ان کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔ اگر دنیا میں موجود باضمیر حکومتیں متحد ہو کر امریکہ کا مقابلہ کریں تو صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔ البتہ موجودہ عالمی منظرنامے میں روس، چین، اسلامی جمہوریہ ایران اور کچھ دیگر آزاد ممالک اپنے اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا سامنا کر رہے ہیں، ورنہ کب کا امریکہ پوری دنیا کو ہڑپ کرچکا ہوتا!
دوسری طرف جو لوگ خدائے واحد و قہار پر ایمان رکھتے ہیں، ان کا عقیدہ ہے کہ خداوندِ متعال ہمیشہ مومنین کا ناصر و مددگار ہے۔ لہٰذا طاغوتی طاقتوں کے مقابلے میں بے خوف ہو کر آگے بڑھنا چاہیئے۔ الحمد للہ پوری دنیا نے دیکھا کہ غزہ، لبنان اور انصاراللہ یمن نے اور بالخصوص بارہ روزہ جنگ میں نظامِ مقدسِ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ اور اس کے حلیف اسرائیل کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو کر اسلام اور تشیع کا سر بلند کیا۔ یہ ہمیں اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ جو لوگ خدا کی راہ میں مخلص ہوتے ہیں، انہیں اللہ ضرور کامیابی عطا کرتا ہے۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں، جب خدا کی آخری حجت، حضرت امام زمانہ مہدی برحق علیہ السلام ظہور فرمائیں گے۔ جب یہ دنیا ظلم و جور سے بھر چکی ہوگی، تو آپ کے ظہور کے ذریعے یہ دنیا عدل و انصاف سے بھر جائے گی اور اسلام کا پرچم پوری دنیا میں بلند ہو جائے گا












