وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جشنِ ولادتِ مولا علی علیہ السلام و دستار بندی طلاب جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں یومِ ولادتِ با سعادت حضرت امیر المومنین علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام کے پر مسرت موقع پر ایک شاندار و پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران جامعۃ الکوثر کے فارغ التحصیل طلاب کی دستار بندی بھی عمل میں لائی گئی اس عظیم الشان تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا ۔
رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الکوثر کے فارغ التحصیل طالبِ علم اور موجودہ استاد علامہ روشن علی نجفی فاضل نجف اشرف نے بارگاہِ امیر المومنینؑ میں سپاس گزاری کرتے ہوئے حوزہ نجف الاشرف کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کیئے اور جامعۃ الکوثر میں اپنے دورِ طالب علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئےاسے بہترین گہوارہ علمی قرار دیا۔
مولائے کائنات حضرت علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی یہ تقریب ششماہی علمی و تحقیقی مجّلہ الکوثر کے اشاعتی عمل کا نقطٗہ آغاز بھی قرار پائی چنانچہ مدیرمجلہ ڈاکٹر علی حسین عارف نے رئیس الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی ہدایت و راہنمائی میں جامعۃ الکوثر کے طلباء کے لیے اس مجلے کے اجراء کو شیخ الجامعہ کی جانب سے ایک عظیم تحفہ قرار دیا اور کہا کہ جامعۃ الکوثر کے مقالہ نگار اپنے مقالہ جات کو اس مجلے کی زینت بنتا دیکھ سکیں گے اس موقع پر شرکاء تقریب نے مجلے کے اجراء کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے علمی سفر میں ایک سنگ میل قرار دیا ۔
جامعۃ الکوثر کے ہونہار طالب علم ذیشان حیدر نے اپنی عربی تقریر میں جامعۃ الکوثر کے اساتذہ کرام کی شفقت اور اعلیٰ علمی استعداد کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی زحمات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
جامعۃ الکوثر کے اُستاد حجۃ الاسلام مرزا حسین صابری درس و تدریس کے علاوہ شعر و شاعری میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتے چنانچہ انہوں نے اپنے اشعار سے تقریب کو خوب گرمایا ۔ آپ کے درج ذیل اشعار کو شرکاء تقریب نے بطور خاص پسند کیا۔
کوثر کا مزہ آگیا حیدر کی ثناء میں
ہے ر ب کی رضا نفس پیمبر ؐ کی ثناء میں
جس گھر سے علیؑ آگئے اُس گھر کی ثناء میں
ہوں محو ثناء ساقی کوثر کی ثناء میں
اُس گھر کے لیے باعث توقیر علیؑ ہیں
اور عزم براہیم کی تصویر علیؑ ہیں
کہکشانِ علم و حکمت کی فضاء کوثر میں ہے
نور قرآں فہم دیں ذکر خدا کوثر میں ہے
اس چمن میں بے تحاشہ بلبلوں کی بھیڑ ہے
جس سے غنچے کھل رہے ہیں وہ فضاء کوثر میں ہے
کیوں نہ یہ ذہن بشر پر پر تو افشانی کرے
آندھیوں میں جو ہے روشن وہ دیا کوثر میں ہے
یہ عمامہ ہی نہیں تیرے شرف کا تاج ہے
اک سرا اس کا نجف میں اک سر ا کوثر میں ہے
جس نے عمامے کی زینت میں اضافہ کر دیا
وہ عباء صاحب عباء صاحب قبا کوثر میں ہے
جامعۃ الکوثر کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین مرزا حسین صابری کے اس پُر اثر کلام کے بعد جامعۃ الکوثر کے مرحوم اساتذہ کرام جناب آغا سید عباس موسوی مرحوم و مغفور اور جناب آغا افتخار حسین جعفری مرحوم و مغفور کو جامعہ کے ہونہار طالبعلم جناب حسین ہاشمی نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور بچھڑنے والے اساتذہ کرام کی شفقت محبت اور قابلیت کا تذکرہ کچھ اس انداز میں کیا کہ شرکاء کی آنکھیں نم ہو گیئں۔
جامعۃ الکوثر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کے ہونہار طالبعلم طاہر عباس نے حوزہ میں اپنی علمی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے ایک عرصے پر محیط کورس کو مختصر وقت میں مکمل کیا اور اب وہ اپنی مادر علمی جامعۃ الکوثر میں بحیثیت اُستاد اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ اس تقریب میں انہوں نے اپنی ذات میں موجود تمام تر اوصاف و کمالات کو شیخ الجامعہ اور یہاں کے دیگر اساتذہ کا مرہون منت قرار دیا ۔
آپ نے طلاب جامعۃ الکوثر کو نصیحت فرمائی کہ وہ شیخ الجامعہ کے فیوض و برکات سے پورا پورا فائدہ اُٹھائیں ۔
اس پُر وقار تقریب کے اہم مقرر امام جمعہ و الجماعت سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے حضرت امیر المومنین علیہ السلام کے اوصاف حمیدہ بیان کرتے ہوئے طالبعلموں کو سیرت امیر المومنین ؑ پر عمل پیرا ہونے کی نصیحت کی۔ اور دستار بندی کا سلسلہ شروع ہوا، شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کے ساتھ ساتھ علامہ شیخ حسن جعفری اور علامہ شیخ محمد شفاء نجفی نے بھی فارغ التحصیل طلاب کی دستار بندی کی ۔
تقریب کے اختتام پر شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعۃ الکوثر کے فارغ التحصیل اور جامعۃ الکوثر میں بحیثیت اُستاد وارد ہونے والے علامہ روشن علی نجفی اور علامہ طاہر عباس کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کو جامعۃ الکوثر کے بہتے مستقبل کی نوید قرار دیا۔
انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو اخلاص عمل اپنانے اور حضرت امام زمان عجل اللہ فرجہ الشریف کا سچا پیروکار بن جانے پر زور دیا آپ نے کہاکہ جامعۃ الکوثر پر حضرت زہرا سلام اللہ علیھا کا خاص لطف ہے جس کی بدولت یہ ادارہ اپنی ارتقائی منازل تیزی سے طے کر رہا ہے ۔
واضح رہے کہ جامعۃ الکوثر کی اس عظیم الیشان تقریب میں جامعۃ الکوثر و جامعہ اہلبیت کے اساتذہ کرام کے علاوہ طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض جامعۃ الکوثر کے ہونہار طالبعلم جناب حسنین عباس نے بااحسن خوبی ادا کیئے۔












