14

ماں تجھے سلام!

  • News cod : 28115
  • 22 ژانویه 2022 - 15:48
ماں تجھے سلام!
اشرف الانبیاء اور رحمۃ للعالمین باپ کے لئے بھی ماں قرار پانے والی باعصمت، باعفت، باعظمت، بامعرفت، بامروت، باجلالت، باشرافت، باشہامت، باکرامت ماں حضرت فاطمۃ الزہراء علیہا السلام تجھے لاکھوں کروڑوں سلام

ماں تجھے سلام!
تحریر: ایس ایم شاہ
عشق و محبت کی مجسم تصویر کا نام، ایثار کے آخری درجے کا نام، ہر وقت بچوں کے گرد گھومتے رہنے والے پروانے کا نام، فداکاری کے آخری زینے کا نام، کائنات کے سب سے حسین رشتے کا نام، گھر کے جملہ امور کے محور کا نام، دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی کے رموز کا نام، اپنی اولاد کو جینے کا سلیقہ سکھانے والی کا نام، اولاد کی خاطر اپنی جان کی بازی لگانے والی کا نام، خود بھوکی رہ کے بچوں کی بھوک مٹانے والی کا نام، خود پیاسی رہ کر بچوں کو سیراب کرنے والی کا نام، اپنا سب کچھ لٹا کے اولاد کو بچانے والی کا نام، اپنی انا کو مٹا کر بھرپور طریقے سے بچے کی خودی کو پروان چڑھانے والی کا نام، خود تمام تر سختیاں جھیل کر بچے کو ہر قسم کی آسائش فراہم کرنے والی کا نام، نو ماہ تک بچے کو اپنی پیٹ میں پروان چڑھانے والی کا نام، دو سال تک اپنے سینے سے بچے کو سیراب کرنے والی کا نام، بچے کو اٹھنے بیٹھنے اور کھانے پینے کے آداب سکھانے والی کا نام، بچے کو چال چلن اور اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا ہنر سکھانے والی کا نام، بے زبان بچے کو بولنے کا سلیقہ سکھانے والی کا نام اور ناتوان بچے کو طاقتور بنانے والی فداکار ہستی کا نام “ماں” ہے۔ ماں تجھے سلام!

اپنی جوانی کو قربان کرکے بچے کو جوان کرنے والی، اپنی خوشیاں نچھاور کرکے بچے کو خوشحال رکھنے والی، اپنی پرتعیش زندگی کو نثار کرکے بچے کو آسائش فراہم کرنے والی، اپنی پرسکون راتوں کی نیندوں کو قربان کرکے بچے کو پرسکون نیند سلانے والی، خود سادہ لباس زیب تن کرکے بچے کو خوب صورت لباس پہنانے والی، خود دھوپ کی تپش برداشت کرکے بچے کو سایہ فراہم کرنے والی، خود ٹھٹھرتی سردی کو سہہ کر بچے کو آغوش مادر کی گرمائش فراہم کرنے والی اور اپنی جان کی بازی لگا کر بچے کی جان بچانے والی کائنات کی عظیم ہستی کا نام ماں ہے۔ ماں تجھے سلام!
عشق کی عملی تفسیر دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، ایثار کا عملی نمونہ دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، احسان کی حقیقی جھلک دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، پیکر خلوص کو دیکھنا ہے تو ماں کو دیکھو، جذبات کا عملی مظاہرہ دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، یقین کی آخری منزل دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، جمال کی حقیقی تعبیر دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، قناعت کی اعلی مثال کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، عفو و درگزر کے سرچشمے کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، توکل کی آخری منزل کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، انصاف کے اعلی پیمانے کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، امانتوں کے سب سے بڑے امین کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، شرم و حیا کی ملکہ کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، حرمت و عفت کی حجلہ نشین کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، صبر و تحمل کے پہاڑ کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، اخلاق حسنہ کی عمدہ مثال کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو، خود داری کا حقیقی رنگ دیکھنا ہے تو ماں کو دیکھو اور کائنات کی بے لوث ترین خدمت گزار کو دیکھنا ہو تو ماں کو دیکھو۔ ماں تجھے سلام!

جن کا بابرکت وجود صلب اشرف الانبیاء میں جنت کے پھل سے تشکیل پانے والی، اپنے والد بزرگوار کے لئے جنت کی خوشبو فراہم کرنے والی، شکم مادر میں بھی اپنی والدہ ماجدہ کو دلاسا دینے والی، تمام ائمہ معصومین کے لئے بھی حجت الہی قرار پانے والی، پیکر تواضع بن کر گھریلو امور کو گھر کی خادمہ جناب فضہ سے آپس میں تقسیم کرنے والی، گھر کی صفائی کا کام خود اپنے دست مبارک سے انجام دینے والی، برتنوں کو خود اپنے مبارک ہاتھوں سے دھونے والی، راتوں کو عبادت الٰہی میں بسر کرنے والی، محراب عبادت میں دوران عبادت چہرہ انور سے ساطع ہونے والے نور سے تمام اہل زمین کو منور کرنے والی، کائنات کی تمام خواتین سے افضل قرار پانے والی، فاطمہ، زہراء، صدیقۃ الکبری، مبارکہ، طاہرہ، زکیہ، راضیہ، مرضیہ، محدثہ، بتول، حوریہ اور عزراء لقب پانے والی، حسن و جمال کی مجسم تصویر بننے والی، گیارہ اماموں کی ماں بننے کا شرف پانے والی، جن کی رضا خدا کی خوشنودی اور جن کی ناراضگی خدا کی نارضامندی ٹھہرنے والی، شافعہ روز جزاء کی سند پانے والی، میدان محشر میں محشور تمام جن و انس کو داور حشر کی جانب سے جن کی تعظیم میں جھکنے کا حکم ملنے والی، نفس رسول حضرت علی علیہ السلام کی زوجیت کا شرف پانے والی اور ان کے لئے دن کی ابتدا میں سورج جیسی، ظہر کے وقت چودھویں کے چاند کی طرح اور غروب آفتاب کے وقت تابناک ستارے کی مانند چمکنے والی، اپنے شوہر کے لئے عبادت الٰہی کی خاطر بہترین معاونت فراہم کرنے والی، امت مرحومہ کی دعائیں اللہ رب العزت کی بارگاہ تک پہنچانے کا بہترین وسیلہ قرار پانے والی، کائنات کی عظیم ہستیاں؛ حضرت امام حسن، حضرت امام حسین، حضرت زینب اور حضرت ام کلثوم علیہم السلام کی ماں بننے کی توفیق ملنے والی اور جن کی اولاد اولاد پیغمبر اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم قرار پانے والی، کائنات کی باعظمت ترین ماں بن کر اپنی اولاد کی منفرد تربیت کا اہم فریضہ نبھاکر انہیں محافظ دین بنانے والی، اپنا سب کچھ لٹا کے اسلام کی محافظت کرنے والی، نابینا نامحرم بزرگ شخص سے بھی پردہ کرنے والی، تین دن تک تسلسل کے ساتھ روزہ رکھ کر عین افطاری کے وقت اپنی افطاری مسکین، یتیم اور اسیر کو عطا کرکے خود بھوکی رات بھر محو عبادت رہ کر سورۂ ھل اتی کی عملی تفسیر بننے والی، زیر چادر تطہیر محور کساء بن کر آیۂ تطہیر کی تبیین کرنے والی، میدان مباہلے میں”نسائنا” کا مصداق بننے والی، سورۂ قدر میں “لیلۃ” کی تعبیر بننے والی، حکم الٰہی سے سورۂ کوثر میں بارز مصداق کوثر قرار پاکر دشمن کو ابتر بنانے والی، مظہر رحمت الٰہی قرار پانے والی، اجر رسالت کے طور پر امت محمدی پر جن کی محبت و مودت فرض قرار پانے والی، مقام امامت کی محافظت کرنے والی، کائنات کی تمام خواتین کے لئے اسوۂ حسنہ قرار پانے والی، خواتین کو دینی احکام کی تعلیم دینے والی اور کائنات کی سب سے عظیم ہستی جن کی تعظیم کو اٹھنے والی، ان کے استقبال کو جاکر اپنی جگہ بٹھانے والی، سفر پر نکلتے وقت سب سے آخر میں اور سفر سے واپسی پر سب سے پہلے جن سے ملاقات کرنے والی اور اپنے والد بزرگوار کی زبان مبارک سے “ام ابیھا” یعنی اپنے اشرف الانبیاء اور رحمۃ للعالمین باپ کے لئے بھی ماں قرار پانے والی باعصمت، باعفت، باعظمت، بامعرفت، بامروت، باجلالت، باشرافت، باشہامت، باکرامت ماں حضرت فاطمۃ الزہراء علیہا السلام تجھے لاکھوں کروڑوں سلام

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=28115