3

ایران کے اراکین اسمبلی کی قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری سے ملاقات

  • News cod : 39067
  • 26 اکتبر 2022 - 14:46
ایران کے اراکین اسمبلی کی قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری سے ملاقات
کراچی میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایرانی اراکین اسمبلی نے کہا کہ ایران 100 ملین ٹن پیٹرول پیدا کرتا ہے اور وہ یہ پیٹرول پاکستان کو دینا چاہتا ہے جبکہ دیگر شعبوں معدنیات، سیاحت، میں بھی باہمی تعاون کے لئے تیار ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے ایران کے اراکین اسمبلی کے 8 رکنی وفد سے رکن ایران اسمبلی روح اللہ زدخاہ کی سربراہی میں اپنے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت سندھ اسمبلی کی تاریخ، زراعت، تعلیم، صحت، سیاحت، تجارت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ایران اسمبلی کے رکن مہدی تغیانی، جعفر غدیری، اصغر سلیمی، حسین رئیسی، رمضانی، غلام عباس زبولی، سیکریٹری سندھ اسمبلی محمد فاروق، قونصل جنرل ایران حسن نوریان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے کہا کہ وہ خود مقدس مقامات کی زیارتوں کے حوالے سے ایران کا دورہ کرچکی ہیں اور ایران میں زرعی ٹیکنالوجی سے بہت متاثر ہوئی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ایران والا زرعی نظام پاکستان میں آئے تاکہ اس سے زرعی پانی کی بچت اور پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں نے پاکستان بالخصوص سندھ اور بلوچستان کو غیرمعمولی مالی نقصان پہنچایا ہے نتیجتاً کئی ہزار ایکڑ پر کھڑی مختلف تیار فصلیں اور مویشی مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں اور خدشہ ہے کہ آنے والے وقت میں پاکستان کو غذائی قلت کا سامنا نا کرنا پڑجائے۔ انہوں نے بارشوں اور سیلاب کے بعد ہونے والی تباہی میں ایران کی جانب سے بھیجی جانے والی مدد پر ایران کے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کو ناصرف پڑوسی ہے بالکہ برادر مسلم ملک ہے جو ہر مصیبت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، دونوں ممالک کو مسلم امہ کے اتحاد کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے اراکین اسمبلی کے وفود کا تبادلہ ہونا چاہیئے تاکہ ایک دوسرے سے سیکھ سکیں۔

اس موقع پر ایرانی وفد نے ریحانہ لغاری کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ایران 7 ملین ٹن سالانہ گندم پیدا کررہا ہے جوکہ عنقریب خود کفیل ہوجائے گا جبکہ ہماری اسمبلی 290 اراکین پر مشتمل ہے جس میں سے 30 نشستیں خواتین کی ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ ایران کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں اور یہ تعداد ہر سال بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران 100 ملین ٹن پیٹرول پیدا کرتا ہے اور وہ یہ پیٹرول پاکستان کو دینا چاہتا ہے جبکہ دیگر شعبوں معدنیات، سیاحت، میں بھی باہمی تعاون کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ حکومت ہاکستان اور حکومت ایران اپنے قومی بنکوں کو آپس میں جوڑیں اور مشترکہ بینکنگ سسٹم متعارف کروائیں تاکہ دونوں ملکوں کو فائدہ ہوسکے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39067