2

شیعہ جماعتوں نے اشرف جلالی کی مینار پاکستان میں کانفرنس روکنے کا مطالبہ کر دیا

  • News cod : 44229
  • 18 فوریه 2023 - 19:39
شیعہ جماعتوں نے اشرف جلالی کی مینار پاکستان میں کانفرنس روکنے کا مطالبہ کر دیا
ملتِ جعفریہ کے تمام جماعتوں کے مشترکہ "اتحاد امت فورم" کے رہنماوں نے ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون لاہور میں مشترکہ ہنگامی پریس کانفرنس کی۔

وفاق ٹائمز، ملتِ جعفریہ کے تمام جماعتوں کے مشترکہ “اتحاد امت فورم” کے رہنماوں نے ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون لاہور میں مشترکہ ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر چیئرمین تحریک حسینیہ پاکستان، علامہ امتیاز عباس کاظمی، علامہ حسن رضا قمی شیعہ علما کونسل پاکستان، قاسم علی قاسمی شیعہ علما کونسل، سید زاہد حسین بخاری، سید جعفر شاہ، سید آصف زیدی شیعہ علما کونسل پاکستان، علامہ تیمور فاروقی، علامہ ندیم قریشی، علامہ یوسف جوہری، پروفیسر غلام صابر، علامہ عظمت عباس اعوان، مولانا امجد علی جعفری مجلس علمائے شیعہ پاکستان اور مولانا صفدر علی شیعہ علما کونسل سمیت دیگر نے شرکت کی۔ علامہ محمد حسین اکبر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وطن عزیز پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے بیرونی اور اندرونی تخریب کاری کا شکار ہے، جس سلسلہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شہادتوں کا دکھ سہنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ان تخریب کاروں کی تخریبی دہشتگردی کا شکار پاکستان افواج و پولیس حتی کہ امام بارگاہیں اور مساجد اور مزارات شکار رہے۔ ہمارے سکیورٹی اداروں نے بے پناہ قربانیاں دے کر اس دہشتگردی پر قابو پایا، لیکن کچھ عرصے سے یہ تخریبی فکر رکھنے والے لوگ دوبارہ سے وطن عزیز پاکستان کو اسی دہشت زدہ ماحول میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں جن میں دیگر افراد کے علاوہ اشرف آصف جلالی جو کہ بیرونی قوتوں کے اشاروں پر گزشتہ کچھ عرصہ سے تخریب کاری و اشتعال انگیزی پھیلانے میں سرگرم عمل ہے۔ کہیں پے یہ تخریبی ملاں اشرف جلالی حضرت ابو طالب علیہ السلام کی اہانت کرتا ہے اور پھر اس پر اکتفاء نہیں کرتا بلکہ حضور نبی اکرم ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شان میں بھی بدترین گستاخی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں جگہ جگہ پر شیعہ سنی اختلاف پر مبنی تقاریر اس کا وطیرہ بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام اہل تشیع اور اکثر اہل سنہ اس شخص کی شر انگیزی و فتنہ پردازیوں کی وجہ سے سراپا احتجاج نظر آتے ہیں۔

علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ علماء اہلسنت تو اسے فرقہ خطائیہ کا نام بھی دے رکھا ہے اور فتاویٰ بھی جاری کر رکھے ہیں۔ اب یہی شخص مینار پاکستان پر سنی کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس سے بہت بڑا فتنہ اور مذہبی افراتفری پھیلنے کا خدشہ ہے۔ لاہور انتظامیہ و پولیس واضح کرے کہ اس فتنہ پروگرام کو انہوں نے خود روکنا ہے یا پھر عاشقان رسول ﷺ و محبان سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا نے اپنے قوت بازو سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ملت تشیع و اتحاد امت فورم جس میں تحریک حسینیہ پاکستان، شیعہ علماء کونسل پاکستان، مجلس وحدت مسلمین پاکستان، وفاق المدارس شیعہ پاکستان، مجلس علما شیعہ پاکستان، آئی او پاکستان، جو اس فورم کا حصہ ہیں ان کی طرف سے اس حکومت سے پرزور احتجاج کرتے ہیں کہ جو شخص فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہو اور ضمانت پر رہا ہو اس کو انتظامیہ کیسے اجازت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کو کسی صورت منعقد نہ ہونے دیا جائے تاکہ وطن عزیز پاکستان کو ہر طرح کی شر انگیزی سے محفوظ رکھا جائے۔ کل اسلام آباد میں اہل سنت کانفرنس میں پاکستان کے ایک وزیر نے مذہبی دہشتگردوں کی تائید کرکے لاکھوں دلوں کو مغموم کیا ہے، کل کراچی اور اس سے پہلے پشاور پولیس کی مسجد میں ہونیوالی دہشتگردی اس کا اہم ثبوت ہے۔ آخر میں ہم حالیہ دنوں ترکی اور شام میں آنیوالے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدری کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کے پروردگار مرحومین کے درجات کو بلند فرمائے اور وطن عزیز پاکستان کو داخلی و خارجی دشمنوں سے محفوظ فرمائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=44229