9

پاراچنار میں شیعہ اساتذہ کا شناخت کے بعد قتل عام، ایم ڈبلیو ایم کا کراچی میں احتجاج

  • News cod : 47035
  • 07 می 2023 - 14:29
پاراچنار میں شیعہ اساتذہ کا شناخت کے بعد قتل عام، ایم ڈبلیو ایم کا کراچی میں احتجاج
راہنماؤں نے کہا کہ علم دشمن دہشتگرد تکفیری عناصر نے معاشرے میں شعور آگاہی دینے والوں کو خاک و خون میں نہلا کر بدترین سفاکیت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے حالات سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔

وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیراہتمام پارہ چنار میں بے گناہ شیعہ اساتذہ کے قتل عام کے خلاف جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، مولانا ملک غلام عباس سمیت دیگر رہنماؤں نے تری مینگل امتحانات کی ڈیوٹی پر مامور شیعہ اساتذہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک معصوم افراد دہشتگردی کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔ ان اساتذہ نے انتظامیہ کو چند روز قبل بھی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات سے آگاہ کیا تھا۔ رہنماؤں نے کہا کہ گذشتہ سال پشاور میں سانحہ کے بعد کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ گلگت بلتستان کی طرح قبائلی ضلع کرم میں بھی زمینوں پر قبضے اور دہشتگردی کے ٹول کو استعمال کیا جاتا ہے۔ ملک میں حکومت، قانون، آئین نام کی کوئی چیز نہیں ہے، ہم سانحہ پر سراپا احتجاج ہیں، حکومت واقعہ کا نوٹس لے، ملک بھر میں اس واقعہ کے خلاف احتجاج کریں گے، خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

راہنماؤں نے کہا کہ علم دشمن دہشتگرد تکفیری عناصر نے معاشرے میں شعور آگاہی دینے والوں کو خاک و خون میں نہلا کر بدترین سفاکیت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے حالات سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو قاتل دہشتگرد درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس بہیمانہ قتل عام کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سانحہ کے ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، لواحقین سے اظہار تعزیت اور شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا گو ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=47035