وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اپنے ایک پیغام میں اربعین حسینی کے ایام میں میزبانی کے لیے عراق کے موکب داروں اور عظیم عراقی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت جناب ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ 11 ستمبر 2024 کو اپنے دورۂ عراق کے دوران اس پیغام کے عربی متن کی شیلڈ عراقی وزیر اعظم جناب شیاع السودانی کی خدمت میں پیش کی۔ رہبر انقلاب کے اس پیغام کا ترجمہ حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
سب سے پہلے تو شکریہ ادا کرنا ہے۔ تہہ دل سے اپنی جانب سے اور عظیم الشان ملت ایران کی جانب سے میں شکریہ ادا کرتا ہوں آپ ‘موکب داروں’ کا جنھوں نے اربعین کے ایام میں اپنی سخاوت، اپنی محبت و عقیدت کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ میں عظیم الشان ملت عراق کا بھی شکریہ اور عراقی حکومت کے عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنھوں نے تحفظ، اچھی فضا اور سازگار حالات فراہم کیے۔ خاص طور پرعراق کے علمائے کرام اور مراجع محترم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنھوں نے زیارت کی فضا کو دونوں اقوام کے درمیان اور عوام کے ما بین اخوت اور بھائی چارے کی فضا میں تبدیل کر دیا ہے۔ واقعی اس پر شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
راستے میں بنے مواکب میں آپ عزیز عراقی بھائیوں کے حسن سلوک، حسینی زائرین سے آپ کے فراخدلانہ برتاؤ کی آج کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ہے۔ جس طرح سے کہ اربعین کی پیدل زیارت کی مثال پوری تاریخ میں کہیں نہیں ملتی اور جس طرح سے کہ کروڑوں لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانا آج کی پر آشوب دنیا میں بہت بڑا کارنامہ اور بے مثال کام ہے۔
آپ نے اپنے برتاؤ میں اور اپنے سلوک میں اسلامی سخاوت اور عربی فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ سب کچھ سید الشہدا سلام اللہ علیہ کے عشق کی وجہ سے ہے۔ حسین ابن علی سے یہ عشق غیر معمولی چیز ہے۔ کسی بھی دور میں اور کسی بھی جگہ اس کی نظیر ہم نے نہ پہلے دیکھی اور نہ آج نظر آتی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے دلوں میں اور ہمارے دلوں میں اس عشق میں روز بروز اضافہ کرے۔
آج اس محبت کی کشش کا دائرہ اتنا بڑھ چکا ہے کہ یہ غزہ کے پرجوش میدان سے لے کر بہت سے غیر مسلم معاشروں تک پھیل چکا ہے۔
والحمد للہ۔