0

امام حسین (ع) کا یوم ولادت پوری انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان

  • News cod : 59940
  • 02 فوریه 2025 - 15:22
امام حسین (ع) کا یوم ولادت پوری انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: امام حسین علیہ السلام نے انبیاء کرام علیہم السلام کے اصلاحی مشن کو اپنا مطمع نظر قرار دیا۔ انہوں نے ظالمانہ نظام کی اصلاح اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے پر اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستا ن علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3شعبان المعظم، نواسہ پیغمبر اکرم، محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر کہا: حضرت حسین ابن علی علیہما السلام کایوم ولادت انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے۔

انہوں نے کہا: عالم انسانیت کے رہبر اور بشریت کے ہادی و امام نے انبیاء کرام کے مشن اصلاح کو اپنا مطمع نظر قرار دیا اور نظام اسی ہدف کیلئے سب کچھ قربان کردیا جو تا قیامت رہنمائی کا مینار قرار پایا ۔

قائد ملت نے کہا: فرزند رسول اکرم، حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد کا اثر ہے کہ دنیائے عالم میں حریت و استقلال پر مبنی تمام تحریکوں نے تحریک کربلا سے درس حریت حاصل کیا اور جب حریت پسندوں کو اپنی جدوجہد کے لئے بہترین قیادت کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال شخصیت کی طرف رجوع کیا اور ان کے کر دار سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھاکر کامیابی حاصل کی۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: آپ علیہ السلام نص قرآنی کے مطابق فرزند رسول (ص) ہیں اور آپ کی حیات مبارکہ رسول معظم (ص) سے اکتساب کا فیض ہے اور جو زندگی سیرت رسول (ص) کا عین عکس اور مجسمہ ہو اس کا ہر فعل اور اقدام احکام الہی کے تابع ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا: احادیث مبارکہ سے حضرت امام حسین کے ساتھ پیغمبر اکرم (ص) کی محبت اور وابستگی بھرپور انداز میں عیاں ہوتی ہے۔ رسول خدا رسول (ص) نے “امام کو اپنااور خود کو امام حسین کا” قرار دے کر عالم انسانیت پر واضح کردیا کہ ان دونوں ہستیوں کا باہمی تعلق انتہائی گہرا اور راسخ ہے لہذا نبوت و و لایت کے پاکیزہ گھرانے میں پرورش پانے والی اس پاکیزہ ہستی کی سیرت و کمالات کا مطالعہ اور ان تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی ہمیں گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعہ اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول اکرم (ص) حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین حق کے غلبے، اسلامی شعائر و اقدار کے فروغ، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے لہو سے رنگین ایسی جدوجہد کی جو تاقیامت ہر حریت مند اور صاحب عمل کے لئے رہنمائی کا مینار قرار پاتی رہے گی۔

انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے الہی، آفاقی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل کو حل کرے اور ظالم و جابر قوتوں کے خلاف ڈٹ جائے اور ان پر واضح کرے کہ حسینی ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار تو بن سکتے ہیں لیکن اپنے نظریات اور اصولوں سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=59940

ٹیگز