4

خضدار سکول بس خودکش بم دھماکہ قابل مذمت، دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،آیت اللہ علامہ ریاض نجفی

  • News cod : 60909
  • 21 می 2025 - 17:11
خضدار سکول بس خودکش بم دھماکہ قابل مذمت، دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،آیت اللہ علامہ ریاض نجفی
صدر وفاق المدارس الشیعہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے، 10 مئی جنگ میں بھارت کو پوری دنیا میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، مودی سرکار خفت مٹانے کیلئے پاکستان میں دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرر ہی ہے۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے خضدار میں سکول بس پر خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کا قلع قمع ضروری ہے۔ شہداء کے ورثا سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت ایک عرصے سے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ پاکستان نے 10 مئی کی پاک بھارت جنگ میں جس طرح سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے، اس سے بھارت کو پوری دنیا میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس لئے مودی سرکارخفت مٹانے کیلئے پاکستان میں دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کرر ہی ہے۔

میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں آیت اللہ حافظ ریاض نجفی کا کہنا تھا کہ بھارت کی بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں دہشتگردی کے ثبوت پاکستانی ادارے منظر عام پر لا چکے ہیں، اب عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کی بدمعاشی اور دہشت گردی کو روکنے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا بھارتی قیادت کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سرحدی اشتعال انگیزی، جنگ اور دہشتگردی سے کبھی کسی ملک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کے حوالے سے اب تک بھارت نے جتنے بھی منفی اقدامات کیے ہیں، اسے منہ کی کھانا پڑی ہے۔ لہٰذا مودی کھسیانی بلی کھمبہ نوچے کے مترادف حالات خراب کرنے کیلئے اشتعال انگزی پھیلا رہا ہے لیکن بھارتی عوام سمجھ چکے ہیں کہ مودی کی سازشیں اور چال بازیوں میں مزید آنیوالے نہیں، کیونکہ وہ بی جے پی کی انتہا پسندانہ ہندتوا سیاست کی کو مسترد کر چکے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=60909

ٹیگز