وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،آیت اللہ مقتدائی نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصا شیعیان اہل بیت کو “عید مبعث” کی مبارکبادی دیتے ہوئے کہا کہ یہ عید اسلامی امت کی بہت بڑی اور انتہائی فضیلت عید ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس عید اور بعثت پیغمبر اکرم ﷺکو بہت بڑی نعمت سے تعبیر کیا ہے۔
انہوں نے مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ خواہران کے شعبہ بین الاقوامی امور اور حوزہ علمیہ خواہران اصفہان کے زیر اہتمام “شکوفائی بشریت” کے عنوان سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سورہ مبارکہ آل عمران کی 164 ویں آیت میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد پاک ہے:” لَقَد مَنَّ اللَّهُ عَلَی المُؤمِنینَ إِذ بَعَثَ فیهِم رَسولًا مِن أَنفُسِهِم یَتلو عَلَیهِم آیاتِهِ وَیُزَکّیهِم وَیُعَلِّمُهُمُ الکِتابَ وَالحِکمَةَ وَإِن کانوا مِن قَبلُ لَفی ضَلالٍ مُبینٍ”ایمان والوں پر اللہ نے بڑا احسان کیا کہ ان کے درمیان انہی میں سے ایک رسول بھیجا جو انہیں اس کی آیات پڑھ کر سناتا ہے اور انہیں پاکیزہ کرتااور انہیں کتاب وحکمت کی تعلیم دیتا ہے جب کہ اس سے پہلے یہ لوگ صریح گمراہی میں مبتلا تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے بعثت پیغمبر ﷺ کو مؤمنین پر احسان اور نعمت شمار کیا ہے، حالانکہ آنحضور ﷺ صرف مؤمنین کے لئے نہیں؛ بلکہ تمام اہل عالم کے لئے مبعوث ہوئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس عظیم نعمت سے صرف مؤمنین ہی بہرہ مند ہو سکتے ہیں۔
آیت اللہ مقتدائی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پیغمبر اکرم ﷺ کو لوگوں کی صنف سے ہی قرار دیا تاکہ وہ آپ ﷺ کی ولادت کو مشاہدہ کریں، اپنے درمیان ان کے پروان چڑھنے کو دیکھیں، ان کی سیرت، طرز عمل اور اخلاقی صفات کو نزدیک سے ملاحظہ کریں ، ان کے ساتھ گھل مل کر زندگی بسر کریں اور ان کی عظمت و بزرگی کو محسوس کریں ۔ اس طرح لوگ حضور اکرم ﷺ کے معتقد ہوں ، نیز ان کی رسالت اور اللہ تعالیٰ پر ایمان لے آئیں۔












