حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مظلوموں کو انصاف کی عدم فراہمی اور ظالم و مجرموں کو چھوٹ انصاف کا قتل ہے، 6 سالوں میں جنسی زیادتی کے 22 ہزار کیسز رجسٹرڈ ہوئے، سزا صرف 77 مجرموں کو ہوئی، انصاف کی بالادستی میں سست روی مجرموں کے حوصلے بلند اور جرائم میں اضافہ کر رہی ہے، خواتین اور بچوں سے جنسی زیادتی کے کیسز ملک کیلئے شرمناک اور معاشروں کو تباہ کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ماں کے سامنے بچی سے زیادتی اور بچوں کے سامنے ماں سے زیادتی جیسے واقعات ظلم و بربریت درندگی کی انتہا ہے، انسانیت کی تذلیل اور حوا کی بیٹی کی عزت تار تار ہو رہی ہے، پولیس، عدلیہ اور حکومت کہاں ہیں، سائل کو انصاف نہیں ملے گا اور ظالم کی گرفت نہیں ہوگی، تو پھر عوام خود فیصلے کرنے پر مجبور ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بہن، بیٹیوں اور بچوں کی عزت محفوظ بنانے اور جنسی درندوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کردار ادا کریں، حکومت جنسی زیادتی کو روکنے کیلئے سخت قانون سازی کرے۔












