30

ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے اہم اجلاس، اسلامی تحریک پاکستان کے رہنماؤں سمیت کونسل کی دیگر شریک جماعتوں کی شرکت

  • News cod : 40473
  • 26 نوامبر 2022 - 8:51
ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے اہم اجلاس، اسلامی تحریک پاکستان کے رہنماؤں سمیت کونسل کی دیگر شریک جماعتوں کی شرکت
اجلاس میں علمائے کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ خطبات جمعہ میں انسداد ِ سود اور اس کے خلاف عوام کے اندر آگاہی پیدا کریں ۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و سابق رکن قومی اسمبلی پاکستان اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کے عہدیداران اور کونسل میں شریک پارٹیوں کے نمائندوں کا اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں جوائے لینڈ نامی فلم کو نمائش کے لیے پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب کی طرح صوبہ سندھ میں بھی اس پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ یہ اسلامی اقدارو روایات اور ہماری تہذیب و ثقافت کے خلاف اور عالمی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا حصہ ہے جسے کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیا جاسکتا ۔

اجلاس میں علمائے کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ خطبات جمعہ میں انسداد ِ سود اور اس کے خلاف عوام کے اندر آگاہی پیدا کریں ۔

ہمارا دین ٹرانس جینڈر کو مکمل حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے لیکن ان کے حقوق کی آڑمیں جو سازش کی جارہی ہے ہم اس کے خلاف ہیں ۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ اگر اس فلم پر پابندی نہ لگائی گئی تو علمائے کرام بھر پور احتجاج کریں گے ۔اس مسئلے کو سندھ اسمبلی کے اندر بھی اُٹھایا جائے گا اور گورنر سندھ سے ملاقات کر کے بھی فلم پر پابندی لگوانے کی بات کی جائے گی ۔

اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں میں رقص اور موسیقی کی کلاسیں شروع کرنے اور ان کے لیے اساتذہ کی بھرتی کی بھی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اپنے اس فیصلے کو واپس لے ۔ اجلاس میں نکاح نامے میں ختم نبوت ؐکے حلف نامے کو لازمی قرار دینے اور اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم ترجمے کے ساتھ دینے کی تجاویر کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا اور کہا گیا کہ اس پر فی الفور عملدر آمد یقینی بنایا جائے اور جس طرح پنجاب حکومت نکاح نامے کے ساتھ ختوم نبوت کے حلف نامے کو لازمی قرار دینے کے قانون کی منظوری دے چکی ہے اس طرح سندھ حکومت بھی اسے قانون کا حصہ بنائے ۔

اس موقع پہ اجلاس کے ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے مرکزی رہنماء اور ملی یکجہتی کونسل کے انتخابی کمیٹی کے رکن علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، دین کی مخالفت اور معاشرے میں بگاڑ کسی طور قبول نہیں کیا جائیگا، شرعی قوانین کی خلاف ورضی و معاشرتی برائیوں پر مبنی فلم کی نمائش کسی طور قابل قبول نہیں مزکورہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے صدر محترم اسد اللہ بھٹو نے اس موقع پرکہا کہ اسلامی و اخلاقی اقدار کے منافی فلم کی سندھ میں اجازت، ٹرانسجینڈر ایکٹ اور سندھ کے تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی جیسے حکومتی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس سلسلے میں کونسل کی آج کی نشست میں طے کردہ نکات پر عمل درآمد کیا جائیگا ، مزید یہ کہ کونسل میں شامل جماعتیں اسلامی و اخلاقی اقدار کے منافی ان اقدامات کے حوالے سے عوام کو آگاہ کریں اور اس سلسلے میں مناسب اقدامات کریں تاکہ معاشرے کو ان سنگین برائیوں سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا جاسکے۔

اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے سینئیر نائب صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استکباری قوتوں کی ایماء پر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلام مخالف ایجنڈا ہرگز نافض نہیں ہونے دینگے، اخلاقی برائیوں پر مبنی فلم جوائے لینڈ اور سندھ کے تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کے سبجیکٹ کسی طور قابل قبول نہیں، حکمران ہوش کے ناخن لیں شرعی قوانین کی خلاف ورضی اور معاشرے میں بگاڑ کسی طور قبول نہیں کیا جائیگا۔

اسلامی تحریک صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ رضی حیدر زیدی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخلاقی برائیوں پر مبنی فلم جوائے لینڈ اور سندھ کے تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کے سبجیکٹ کسی طور قابل قبول نہیں، احکام دین کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، ان غیر اسلامی اقدامات کی تمام مزہبی طبقات، تنظیمات اور اداروں کو مل کے بھرپور مذمت کرنی چاہیئے اور ان اقدامات کے خلاف عملی میدان میں آنا چاہیئے۔

ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے اجلاس میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری اور کونسل کی انتخابی کمیٹی کے رکن علامہ سید ناظر عباس تقوی، اسلامی تحریک پاکستان سندھ کے صوبائی صدر سید اسد اقبال زیدی، اسلامی تحریک پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ رضی حیدر زیدی، اسلامی تحریک کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی نقوی، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ، جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمد نورانی ،جمعیت علمائے پاکستان کے سید عقیل انجم قادری، اسلامی جمہوری اتحاد سندھ کے نائب صدر علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات عمران احمد سلفی ، جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان کے پریس سیکریٹری حشمت اللہ صدیقی ، مجلس وحدت مسلمین کے ملک غلام عباس اور ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے شرکت کی اور اسلامی و اخلاقی برائیوں پر مبنی فلم جوائے لینڈ، سندھ کے تعلیمی اداروں میں رقص و موسیقی کے سبجیکٹ اور ٹرانس جینڈر بل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مزید اقدامات اٹھانے کے ارادے کا اظہار کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=40473