28

حرم امام رضا(ع) میں بچیوں کے لئے عالم اسلام کے سب سے بڑے جشن عبادت کا انعقاد

  • News cod : 55430
  • 11 می 2024 - 14:52
حرم امام رضا(ع) میں بچیوں کے لئے عالم اسلام کے سب سے بڑے جشن عبادت کا انعقاد
اس جشن عبادت کے دوران بچیوں کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اس کے علاوہ انہیں شرعی احکام اور دینی مسائل بھی بتائے گئے،جشن میں ماں باپ اور اساتذہ کی صحت و تندرستی کی دعا کے ساتھ ’’صلوات امام رضا(ع)‘‘ بھی پڑھی گئی ۔

وہ بچیاں جن پر عبادات اور فرائض کی انجام دہی واجب ہوگئی تھی ،ایسی ۷۰ ہزار بچیوں کے لئے گذشتہ سال کے دوران حرم امام رضا علیہ السلام میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر عالم اسلام کے سب سے بڑے جشنِ عبادت کا انعقاد کیا گیا۔

انہی جشنوں کے تسلسل میں مشہد مقدس میں رہنے والی ۷۰۰بچیوں کے لئے ’’پرواز پروانہ ہا‘‘ کے عنوان سے حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق دارالمرحمہ میں جشن عبادت کا انعقاد کیا گیا۔

رنگ برنگی تتلیوں کی طرح نظر آنے والی ۷۰۰ بچیاں جو ایسی لگ رہی تھیں کہ ابھی ابھی لاروے سے آزاد ہو کر خدا کی بندگی و عبادت کے لئے اڑان بھر رہی ہیں،اپنی گلدار اور پھولوں سے سجی چادروں کو ہوا میں لہرا رہی تھیں،ہزاروں مختلف قسم کے پھولوں کی خوشبو سے رواق دارالمرحمہ مہک رہا تھا۔

حرم امام رضا (ع)کے منتظم اعلیٰ نے بھی خصوصی طور پر اس جشن میں شرکت کی تاکہ ان بچیوں کو عبادات اور فرائض واجب ہونے پر مبارک باد پیش کر سکیں،انہوں نے بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پر امام رضا علیہ السلام کی خصوصی توجہ ہے اس لئے آپ کو چاہئے کہ آپ اپنی زندگی میں والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں۔

اس جشن عبادت کے دوران بچیوں کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اس کے علاوہ انہیں شرعی احکام اور دینی مسائل بھی بتائے گئے،جشن میں ماں باپ اور اساتذہ کی صحت و تندرستی کی دعا کے ساتھ ’’صلوات امام رضا(ع)‘‘ بھی پڑھی گئی ۔

جشن کے اختتام پر انہوں نے امام رضا(ع) اور خدا سے یہ عہد کیا کہ ان کے پاک وپاکیزہ دل ہمیشہ سے محبت اہلبیت(ع) پر قائم رہیں گے۔

اذان ظہر کی آواز سنتے ہی سب بچیاں نماز جماعت کے لئے تیار ہوگئیں اور اپنی پہلی نماز امام رضا علیہ السلام کے نورانی حرم میں ادا کی۔

ان سب بچیوں کو حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے ایک چادر عطیہ کی گئی اورآخر میں سب نے امام رضا(ع) کے بابرکت دستر خوان پر کھانا بھی تناول فرمایا۔

 

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=55430

ٹیگز