وفاق ٹائمز، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کو ورزقان کے علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے۔ مشرقی آذربائیجان، اردبیل اور زنجان کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کو ورزقان کے علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے اور مشرقی آذربائیجان، اردبیل اور زنجان کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔ اس ہیلی کاپٹر کے مسافروں میں صدر رئیسی، تبریز کے امام جمعہ آیت اللہ آل ہاشم، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور دیگر کئی اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ احمد وحیدی نے ایران کے نیوز چینل کو بتایا ہے کہ صدر مملکت “خدا آفرین” اور “قیز قلعہ سی” ڈیم کا افتتاح کرکے کئی ہیلی کاپٹروں پر مشتمل ایک قافلے سے لوٹ رہے تھے جب ان کا ہیلی کاپٹر ہارڈ لینڈنگ پر مجبور ہوگیا۔ وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب آگے بڑھ رہی ہیں لیکن شدید کوہرے اور نامناسب آب و ہوا کی صورتحال کی وجہ سے وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے ساتھیوں کے ساتھ رابطہ برقرار ہوا ہے لیکن جغرافیائی پیچیدگیوں کی وجہ سے رابطہ برقرار کرنا مشکل ہے۔












