چین کا امریکہ کو دو ٹوک جواب: تجارتی جنگ میں “آخر تک لڑیں گے”؛ مذاکرات کے دروازے بھی کھلے
بیجنگ:چین نے امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی کشیدگی میں ایک بار پھر اپنے سخت مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 100 فیصد تک محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کی دھمکی کے جواب میں “آخر تک لڑنے” کے لیے تیار ہے۔
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ ترین بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا: “اگر آپ لڑنا چاہتے ہیں، تو ہم آخر تک لڑیں گے۔”
ترجمان نے مزید کہا، “اگر آپ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، تو ہمارے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔”
یعنی بیجنگ تصادم سے نہیں ڈرتا لیکن سفارتی حل کے لیے بھی تیار ہے۔
ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تجارتی جنگوں اور محصولات کے حوالے سے بیجنگ کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ چین کا یہ موقف مستقل رہا ہے کہ وہ باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر تجارتی تنازعات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اگر اسے دباؤ میں لایا گیا تو وہ بھرپور جواب دے گا۔












