وفاق ٹائمز، دفتر نمایندہ ولی فقیہ وقائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم کے ڈائریکٹر جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید ظفر علی شاہ نقوی صاحب نے حضرت آیت اللہ العظمی حسن حسن زادہ آملی کی وفات پر ایک تعزیتی بیان جاری کرتے ھوئے کہا کہ حضرت علامہ آیت اللہ العظمی حسن زادہ آملی آسمان علم وعرفان اور حکمت وفلسفہ کے ایک درخشاں ستارےتھے کہ جس نےایک کثیر تعداد میں علماء وطلاب اور تشنگان علم دین کو اپنے علم وعرفان اور حکمت وفلسفہ سے سیراب کیا ۔
حوزہ علمیہ میں آپ نے بھت سے طلاب کی دینی وعلمی تربیت کی اور حضرت آیت اللہ بھجت کے بعد آپ ایک زبردست اور بے مثال عارف تھے جنہوں نےحوزہ علمیہ قم میں سالوں سال حکمت وعرفان کی تدریس کی اور تشنگان علم وعرفان آپ ہی سے فیضیاب ھوتے تھے اور آپکے عرفانی کلاسوں میں طلاب کی قرآنی اور دینی تربیت بھی ھوتی تھی مرحوم فلسفہ اشراق اور فلسفہ مشاء اور عرفان اسلامی اور حکمت متعالیہ میں صاحب نظر تھے اور آپ نے حکمت وفلسفہ اخلاق و عرفان کے موضوعات پر متعدد کتب اور علمی آثار چھوڑ ے ہیں۔ آج حوزہ علمیہ قم کے تمام مسئولین ودیگر تمام علماء وطلاب کو چاہئیے کہ آپ کے قیمتی علمی آثار وکتب سے استفادہ کریں اور آپکے علمی آثار کی نشر واشاعت کےلئے خاص اہتمام کرنا چاہیے۔
۔ آپکی رحلت یقینا آسمان علم وحکمت اور جویندگان علم وعرفان کے لئے ایک ناقابل جبران نقصان ھے۔ علامہ ظفر نقوی صاحب نے علامہ آیت اللہ حسن زادہ آملی کی رحلت پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حضرت امام زمان عج اور رھبر انقلاب حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور مرحوم علامہ کے تمام بازماندگان اور اساتید علماء و حوزہ علمیہ قم کے طلاب محترم کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے اور کہا کہ الله تعالی کی درگاہ میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم آيت اللہ حسن زادہ آملی کو جنت الفردوس میں محمد وآل محمد کے ساتھ محشور فرمائے اور ھم سب کو میدان علم وعرفان میں ان کی حقیقی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔












