15

مخلوق خدا کی بھلائی عظیم کام ہے، پیر نورالحق قادری

  • News cod : 25348
  • 13 نوامبر 2021 - 15:43
مخلوق خدا کی بھلائی عظیم کام ہے، پیر نورالحق قادری
لاہور میں المصطفی آئی ہسپتال کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ المصطفی آئی ہسپتال ملک کے دور دراز علاقوں میں انسانیت کی خدمت کر رہا ہے، انسانیت کی خدمت، تعظیم، شفقت اور بھلائی عظیم کام ہے، اللہ تعالی فرماتا ہے کہ تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ اللہ کے نزدیک خدمت انسانیت سب سے زیادہ پسندیدہ عمل ہے، مخلوق خدا کی بھلائی عظیم کام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں المصطفی آئی ہسپتال کی پہلی سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے علامہ سید ریاض حسین شاہ، عبدالرزاق ساجد، طارق حمید فضل، پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری، ضمیر راجہ، منور انجم، منصور آفاق، سہیل وڑائچ، جبکہ شرکاء میں سندھ کی صوبائی وزیر شہلہ رضا، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، میاں مرغوب، قاسم ضیا، نعیم میر، خالد حمید فضل، افضل دھرالہ سمیت دیگر شامل تھے۔

نور الحق قادری نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال ملک کے دور دراز علاقوں میں انسانیت کی خدمت کر رہا ہے، انسانیت کی خدمت، تعظیم، شفقت اور بھلائی عظیم کام ہے، اللہ تعالی فرماتا ہے کہ تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا۔ المصطفی آئی ہسپتال کے چیئرمین عبدلرازاق ساجد نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال میں ایک سال میں 2100آپریشن اور 70ہزار مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا، آئندہ سال کام کو مزید بڑھائیں گے، خدمت انسانیت کا سفر جاری رہے گا۔

آئی ہسپتال کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال میں غریبوں کی آنکھوں کے لیزر آپریشن ہو رہے ہیں، ہسپتال میں جدید ترین آلات موجود ہیں، آئی ہسپتال کی کامیابی مقبولیت کی نشانی ہے۔ ایم پی اے میاں مرغوب نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال ان کے حلقہ میں واقع ہے اور آنکھوں کے علاج کی مثالی خدمت کر رہا ہے، المصطفی کی ہر طرح خدمت کروں گا۔ سہیل وڑائچ نے کہا کہ عبدالرزاق ساجد اس زمانے میں برکت ہیں وہ کسی لالچ کے بغیر خدمت کر رہے ہیں، انھیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ سندھ کی صوبائی وزیر حقوق نسواں شہلہ رضا نے کہا کہ المصطفی کو مبارکباد دیتی ہوں کہ آنکھوں کی روشنی بحال کر رہا ہے، روشنی بڑھتی رہے۔ اس موقع پر المصطفی آئی ہسپتال کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25348