8

انقلاب کی کامیابی میں ایرانی عوام کی حمایت اور پشت پناہی شامل ہے، رہبر انقلاب اسلامی

  • News cod : 29764
  • 18 فوریه 2022 - 14:42
انقلاب کی کامیابی میں ایرانی عوام کی حمایت اور پشت پناہی شامل ہے، رہبر انقلاب اسلامی
انقلاب اسلامی کی کامیابی کسی پارٹی یا سیاسی جماعت کی کوشش کے نتیجے میں نہیں ہوئی بلکہ اس انقلاب کی کامیابی میں ایرانی عوام کی حمایت اور پشت پناہی شامل ہے اور انقلاب اسلامی آج بھی ایرانی عوام کی حمایت اور پشت پناہی کی بدولت اپنے اعلیٰ اہداف کی سمت گامزن ہے۔

وفاق ٹائمز، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ جو لوگ اشرافیانہ زندگی بسر کرتے ہیں اور دشمن کے سامنے تسلیم ہونے کی بات کرتے ہیں، یہ لوگ انقلاب اسلامی کے اہداف اور خطوط پر قائم نہیں رہ سکتے۔ مشرقی آذربائیجان کے عوام سے ٹی وی چینلوں پر براہ راست خطاب میں رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ انقلاب اسلامی گذشتہ 4 دہائیوں سے مختلف میدانوں میں اپنے اعلیٰ اہداف اور مقاصد کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے، گذشتہ 40 برسوں میں دشمنوں کی اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایران نے مختلف شعبوں میں خاطر خواہ ترقی حاصل کی ہے اور آج ترقی اور پیشرفت کے لحاظ سے ایران دنیا کے پہلے دس ممالک کی فہرست میں شامل ہے، ایرانی عوام نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کی سالگرہ کو کورونا وائرس کے باوجود ریلیوں میں بھرپور شرکت کی جو حیرت انگیز تھی، ایرانی عوام نے اقتصادی مشکلات کے باوجود ریلیوں میں شرکت کرکے دشمن کی تمام گھناؤنی سازشوں اور گمراہ پروپیگنڈوں کو ناکام بنادیا۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کسی پارٹی یا سیاسی جماعت کی کوشش کے نتیجے میں نہیں ہوئی بلکہ اس انقلاب کی کامیابی میں ایرانی عوام کی حمایت اور پشت پناہی شامل ہے اور انقلاب اسلامی آج بھی ایرانی عوام کی حمایت اور پشت پناہی کی بدولت اپنے اعلیٰ اہداف کی سمت گامزن ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پر امن ایٹمی پروگرام کو ملک کی اہم اور اساسی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن بھی جانتے ہیں کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں اور نہ ہی ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے، وہ ایٹمی ہتھیاروں کو بہانہ بنا کر اور ظالمانہ پابندیاں عائد کرکے ایران کی سائنسی اور علمی پیشرفت کو روکنا چاہتے ہیں، ایران اپنے قومی اور ملکی مفادات کے سلسلے میں کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے اہداف میں ایک اہم ہدف جامع اور وسیع اسلامی معاشرے کی تشکیل بھی ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای نے گذشتہ 43 برسوں میں ایران کی ترقی اور پیش رفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دوست اور دشمن ایران کی ترقی و پیشرفت کے معترف ہیں، البتہ بعض شعبوں میں جیسا کام ہونا چاہیئے تھا ویسا نہیں ہوا اور بعض حکام کی غفلت کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔ انہوں نے انقلاب کے خلاف دشمن کی عداوت اور دشمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی عداوت سے ثابت ہوتا ہے کہ انقلاب اسلامی زندہ اور پائندہ ہے اور اپنے اہداف کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اشرافیہ زندگی بسر کرنے والے افراد اور امریکہ اور سامراجی و استکباری طاقتوں کے سامنے تسلیم ہونے کی بات کرنے والے افراد در حقیقت انقلاب اسلامی کے اہداف اور خطوط پر قائم نہیں رہ سکتے کیونکہ انقلاب کا نعرہ مستضعفین اور غریبوں کی حمایت کا نعرہ ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت کے نتائج اور اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی سطح پر اسلامی مزاحمت برق رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور آج اسلامی مزاحمتی تنظیموں نے عالمی سامراجی طاقتوں اور امریکہ پر لرزہ طاری کر رکھا ہے۔ انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور اللہ تعالی کے ساتھ رابطہ مضبوط اور مستحکم کرنے کی کوشش کریں کیونکہ دشمن جوانوں کو اللہ تعالی سے دور کرکے چوٹ پہنچانے کی کوشش کررہا ہے لہذا ہمارے جوانوں کو زیادہ سے زیادہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیئے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل صوبہ آذربائیجان میں رہبر معظم کے نمائندے اور تبریز کے امام جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین آل ہاشم نے صوبہ کے بارے میں مختصر رپورٹ پیش کی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29764