12

مسئلہ فلسطین کیلئے صحافی برادری فلسطین فاؤنڈیشن کے شانہ بہ شانہ ہے، کراچی پریس کلب

  • News cod : 31202
  • 12 مارس 2022 - 14:31
مسئلہ فلسطین کیلئے صحافی برادری فلسطین فاؤنڈیشن کے شانہ بہ شانہ ہے، کراچی پریس کلب
پی ایل ایف کے وفد سے ملاقات کے دوران سیکریٹری پریس کلب رضوان بھٹی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین انسانیت کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہماری سب سے پہلی ذمہ داری ہے کہ ہم فلسطین کاز کی حمایت کریں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا صحافیوں کی اولین ذمہ داری ہے اور صحافی برادری سمیت کراچی پریس کلب فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے شانہ بہ شانہ ہے، ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب کے نو منتخب سیکرٹری رضوان بھٹی نے پریس کلب میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنمائوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ رضوان بھٹی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین انسانیت کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہماری سب سے پہلی ذمہ داری ہے کہ ہم فلسطین کاز کی حمایت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب غاصب اسرائیل نے فلسطین پر جنگ مسلط کی تو صحافی برادری نے بڑھ چڑھ کر فلسطینی عوام کے حق میں اور صہیونی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا اور میڈیا ہاؤسز میں بلیک آئوٹ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر ہی ہے، کراچی پریس کلب نے ہمیشہ فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھی ہے اور فلسطین فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کو یقینی بنایا ہے اور مستقبل میں یہ تعاون جاری رہے گا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین نے کراچی پریس کلب میں ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والے سیکرٹری رضوان بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین بشمول سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی، جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، پیپلز پارٹی کے رہنماء ارشد نقوی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسرار عباسی، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء پیرزادہ ازہر علی ہمدانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت پیر سید اشرفی، عرم بٹ، قاضی زاہد،قاسم، علی احمر، سلمان، عظیم اور دیگر نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب سیکرٹری اور اراکین کابینہ کو مبارک باد دی اور گلدستہ اور مٹھائی کا تحفہ پیش کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31202