12

جان لڑا دینگے، پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے، شہباز شریف

  • News cod : 33805
  • 08 می 2022 - 13:20
جان لڑا دینگے، پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے، شہباز شریف
اگر اکیلا پنجاب ترقی کرتا ہے تو یہ پاکستان کی ترقی نہیں ہے

وفاق ٹائمز، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک خادم پاکستان رہا، عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔ کب تک کشکول لے کر بھیک مانگیں گے، ہمیں محنت کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ اگر اکیلا پنجاب ترقی کرتا ہے تو یہ پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔ شانگلہ میں پاکستان مسلم لیگ نون کے سیاسی پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا کہ پہلے شانگلہ جاؤں گا، خیبر پختونخوا کے غیور لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، صوبے کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، خیبر پختونخوا میں میرے قائد نواز شریف کے شیر رہتے ہیں، یہاں کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ خادم پاکستان کا عہدہ سنبھالے تین ہفتے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پچھلے 8 سال پی ٹی آئی کی حکومت ہے، انہوں نے کتنے ہسپتال بنائے اور کتنے ہسپتالوں میں مفت ادویات دیں، خیبر پختونخوا کو ایک عظیم صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ جب تک اللہ نے خادم پاکستان بنا کر رکھا، جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، غلطی ہو گی تو آپ کو گواہ بنا کر معافی مانگیں گے، جب تک جان ہے، دن رات کام کروں گا۔ پنجاب کے ہر اسپتال میں غریبوں کا مفت علاج ہوتا تھا، پنجاب میں دوبارہ ہسپتالوں میں مفت علاج شروع کرا دیا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غریب علاج کے لیے سسک سسک کر جان دے دیتا ہے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پورے خیبر پختونخوا میں مفت علاج کی سہولت ہوگی، 4 سالوں میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، سابق حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے، پی ٹی آئی حکومت نے 24 ہزار ارب قرض لیا، کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاور بی آر ٹی چلتی اور جلتی رہی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے 11، 11 ماہ میں میٹرو بسیں چلائیں، جان لڑا دوں گا خیبر پختونخوا کے مسائل حل کرکے دکھاؤں گا، آٹا، چینی غریب گھرانوں کی دسترس سے باہر ہوچکا تھا، رمضان بازار، یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا، چینی کو سستا کرایا، پشاور بی آر ٹی میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ بھی پنجاب کی طرح سستا آٹا دینے کا اعلان کریں، اگر خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ سستا آٹا نہیں دے گا تو ہم دیں گے، پچھلے 4 سالوں میں قرضے لیکر ملک کا بھٹا بیٹھ چکا ہے، کچھ بھی ہو جائے، خیبر پختونخوا کی عوام کو سستا آٹا مہیا کریں گے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشام میں 10 کلو آٹے کی بوری کتنے کی ملتی ہے؟ یہاں پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 720 روپے میں بک رہا ہے، سن لو جو قیمت پنجاب میں، وہی خیبر پختونخوا میں ہوگی، امیر مقام بڑا تگڑا، محنتی آدمی ہے، وزیراعلیٰ صاحب سے درخواست کروں گا کہ پنجاب کی قیمت پرآٹا دیں، اگر نہیں دیں گے تو پھر اپنے کپڑے بیچ کر مہیا کروں گا۔ ہم پورے پاکستان کی یکساں ترقی چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تمام ہسپتالوں میں غریبوں کے لیے علاج فری کر دیں، اگر وہ فری علاج نہیں کریں گے تو ہم سہولت دیں گے۔ شانگلہ دوبارہ جلد آؤں گا۔ یہاں پر میڈیکل کالج بنائیں گے۔ دن رات کام کریں گے، عوام سوئے گی میں جاگوں گا، پورن میں گرڈ اسٹیشن کو تین ماہ میں بنانے کی پوری کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں شہباز شریف ہوں، خطا کار انسان ہوں، شانگلہ کی عوام سے غلط بیانی نہیں کرونگا، چار سال سابق وزیراعظم نے جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا، اس کی کارکردگی کچھ نہیں، کیا قوم کو مہنگائی بارے بتائے گا۔؟

انہوں نے کہا کہ غداری، وفاداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹے جا رہے ہیں، 4 سال میں انتہائی کرپشن اور نالائقی کی وجہ سے بدترین لوڈشیڈنگ تھی، نواز شریف نے شاندار بجلی کے منصوبے لگائے، تیل، گیس وقت پر نہ منگوانے پر معیشت کا بٹھا بیٹھ گیا، جان لڑا دیں گے پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔ کب تک کشکول لے کر بھیک مانگیں گے، اللہ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے، پاکستان کے غریب بچے آج بھی سکول نہیں جاسکتے، غریبوں کے والدین دوائی نہ ملنے پر مر جاتے ہیں، ہمیں محنت کرکے اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہوگا، رونے، دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، سو کر، چھومنتر سے نہیں محنت کرنا ہوگی، تب ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا۔ اس وقت خزانہ خالی اور قرضے ہی قرضے ہیں، سعودی عرب کا دورہ کرکے آیا ہوں، سعودی شہزادے، یو اے ای نے کہا کہ پاکستان کی ہرممکن مدد کریں گے، سعودی عرب، یو اے ای پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=33805