14

جامعة الکوثر میں تقریب عمامہ گزاری و تجلیل اساتذہ مرحومین کا انعقاد

  • News cod : 35168
  • 09 ژوئن 2022 - 21:20
جامعة الکوثر میں تقریب عمامہ گزاری و تجلیل اساتذہ مرحومین کا انعقاد
اگر آپ عمامہ گزاری کے بعد فکر سود و زیاں چھوڑ کر توکل بر خدا کی راہ اپنائیں گےتو خوشنودی خدا بہرحال آپ کے شامل حال ہو گی

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ملت تشیع کی مایہ ناز دینی درسگاہ جامعة الکوثر کے المصطفی آڈیٹوریم میں عظیم الشان سالانہ تقریب عمامہ گزاری کا آغاز مولانا قاری غلام رسول نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد طلاب جامعہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا صابر حسین سراج نے کچھ عرصہ قبل اس جہان فانی سے یکے بعد دیگرے رخصت ہو جانے والے مرحوم اساتذہ کرام کا تذکرہ کچھ اس انداز سے کیا کہ شرکاء کی آنکھیں نمناک ہو گئیں۔

انہوں نے بچھڑ جانے والے اساتذہ کرام کی شفقت و محبت اور ان کی علمی زحمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مولانا سید مرتضی موسوی، علامہ انتصار حیدر جعفری اور مولانا تقي فاضل نے بھی مرحوم علماء کی دینی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔اس مرحلے پر جامعتہ الکوثر کے فاضل استاد حال مقیم نجف اشرف مولانا اشرف حسین اخونزادہ کی پر اثر نظم پڑھ کر سنائی گئی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔

جامعة الکوثر کے ہونہار طالب علم آغا ممتاز حسین صالحی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تواشیح سے ماحول کو گرمایا۔جس کے بعد تقریب عمامہ گزاری کا انعقاد ہوا۔جس میں مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ نے اپنے ہونہار فاضل طلاب کے سروں پر اپنے دست مبارک سے باری باری عمامے سجائے ۔جبکہ علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی قبلہ نے اس عمل میں ان کی معاونت فرمائی۔اختتام عمامہ گزاری کے بعد شیخ الجامعہ نے اپنے فکر انگیز خطاب میں کامیاب طلاب کو تقوی اختیار کرنے کی نصیحت کی۔ آپ نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر آپ عمامہ گزاری کے بعد فکر سود و زیاں چھوڑ کر توکل بر خدا کی راہ اپنائیں گےتو خوشنودی خدا بہرحال آپ کے شامل حال ہو گی ۔آپ نے اپنے ہونہار شاگردوں کے بہترین مستقبل کے لئے خصوصی دعا بھی فرمائی اور یوں یہ پروقار و یادگار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔یاد رہے کہ اس خصوصی تقریب کی نظامت کے فرائض مولانا حسنین عباس نے بااحسن خوبی انجام دیئے.

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=35168