3

مسلم لیگ ن اور اسلامی تحریک کے مابین پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے مفاہمت

  • News cod : 35948
  • 09 جولای 2022 - 9:23
مسلم لیگ ن اور اسلامی تحریک کے مابین پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے مفاہمت
اسلامی تحریک پاکستان پنجاب کے 20 حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان مسلم لیگ ن اور اسلامی تحریک پاکستان کے مابین صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے مفاہمت طے پا گئی ہے جس کے تحت اسلامی تحریک پاکستان پنجاب کے 20 حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کرے گی۔

اس امر کا اعلان مسلم لیگ ن کے رہنماء وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر اور اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے رہنماؤں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ اور مسلم لیگ کے رہنماء سابق ڈپٹی میئر ذیشان نقوی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور اسلامی تحریک پاکستان کے رہنماؤں میں کامیاب مذاکرات کے بعد یہ مفاہمت طے پائی ہے جس کے تحت صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا ایک اہم کردار رہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس مفاہمت کے بہترین اثرات کے نتیجے میں مستقبل میں بھی اسلامی تحریک پاکستان ملک و قوم کے بہترین مفاد اور جمہوریت کی بقا میں جاری مشترکہ جدوجہد میں ساتھ دے سکے گی۔ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ملک و قوم بہترین مفاد میں مفاہمت یقیناً ثمر آور ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت کے نتیجے میں 17 جولائی کو صوبہ پنجاب کے 20 حلقوں میں منعقدہ ضمنی انتخاب میں اسلامی تحریک پاکستان پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن مفاہمت کے نکات پر جلد عملدرآمد ممکن بنا کر عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=35948